سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کی تفصیلات

اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 16 فروری کو وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان پہنچیں گے۔

دفتر خارجہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مجوزہ دورے کی تفصیلات جاری کر دیں۔

سعودی شہزادے کے ساتھ شاہی خاندان کے افراد، وزراء اور اعلیٰ اختیاراتی وفد پاکستان پہنچے گا۔ سعودی ولی عہد اپنے عہدے کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

شہزادہ محمد بن سلمان، صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں کریں گے۔

سینیٹرز کا ایک وفد بھی سعودی شہزادے سے خصوصی طور پر ملاقات کرے گا جب کہ سعودی وزرا پاکستان میں اپنے ہم منصب وزیروں سے ملاقاتیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کو حتمی شکل دے دی گئی

سعودی ولی عہد کا دورہ: سب سے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع

سعودی عرب اور پاکستان کے تاجر باہم ملاقاتوں میں سرمایہ کاری کے منصوبوں کو حتمی شکل دیں گے۔

دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، توانائی، داخلی سلامتی معاملات، میڈیا کلچر اور کھیلوں کے شعبوں میں مفاہمت کے دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے۔

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر ملک میں سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاری کا اعلان متوقع ہے۔

اس سے قبل سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت سعودی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاکستان سے ہونے والے معاہدوں سے متعلق فیصلوں پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں آئل ریفائنری، پیٹروکیمیکل اور معدنیات کی مفاہمتی یاداشتوں کا اختیار وزیر توانائی و صنعت و معدنیات کو دے دیا گیا۔ عجائب گھروں اور آثار قدیمہ کے امور میں تعاون کی مفاہمتی یاداشتوں کا اختیار سعودی محکمہ سیاحت و قومی ورثہ کے سربراہ کے حوالے کر دیا گیا۔

اجلاس میں طے پایا کہ سعودی وزیر خالد الفالح ان مذاکرات کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔