پاکستان کو پر امن اور ترقی یافتہ بنانے میں کردار ادا کریں گے، سعودی وزیر تجارت

February 18, 2019


اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیر تجارت ماجد بن عبداللہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ ہمارا تجارتی حجم بہت کم ہے اور اسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

اسلام آباد میں پاک سعودی بزنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات نئی سمت میں جارہے ہیں۔ دونوں حکومتوں کو درپیش مسائل حل کرنے میں مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس کانفرنس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے اگر ہم حل طلب مسائل کی فہرست مرتب کر لیں تو جن کو حل کیا جانا چاہیے۔ ان قسم کی بات چیت سے ہم سماجی، معاشی اور باہمی تعلقات کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔

ماجد عبداللہ کا کہنا تھا میں عمران خان کا کردار انتہائی اہم ہے اور ہم اس کردار کی امید ہر لیڈر سے کرتے ہیں، ہم پاکستان کو پر امن اور ترقی یافتہ ملک بنانے میں ہر ممکنہ کوشش کریں گے۔

سعودی وزیرتجارت نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، وزیراعظم عمران خان پاکستان کے ساتھ مخلص ہیں اور ہم مخلصانہ تعلقات پر عمران خان کے شکر گزار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مختلف چیلنجز پر بات ہوئی ہے، سعودی عرب اور پاکستان درپیش چیلنجز سے مل کر نمٹ سکتے ہیں،


پاکستان کے مشیر تجارت رزاق داؤد نے بزنس کانفرنس میں کہا کہ سعودی عرب کےساتھ ہمارے  بہترین تعلقات ہیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری اہم ہے اور اس کیلئے ہم مشکور ہیں۔

سعودی عرب مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کررہا ہے اور اس دورے کے نتیجے میں مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

رزاق داوَد نے کہا کہ پاک سعودی تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں اور کانفرنس کے نتیجے میں دنوں ممالک میں مزید سرمایا کاروی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں اور نئی جہتوں کو چھو رہے ہیں جس کے نتائج بہتر مستقبل کی صورت میں سامنے آئیں گے۔