سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی رہائی کا حکم

، سعودی ولی عہد کا عمران خان کو ٹیلی فون

فوٹو: ہم نیوز

اسلام آباد: سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے سعودی جیلوں میں قید 2107 پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم جاری کر دیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا۔


وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ رات عشائیے پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سعودی عرب میں قید پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے درخواست کی تھی۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ پاکستانی قیدیوں کے لیے جو ممکن ہوسکا کریں گے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان سے کہا ’’آپ مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں۔‘‘

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی درخواست پر سعودی ولی عہد نے فی الفور سعودی عرب کی جیلوں میں قید 2107 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ بہت سے پاکستانی خاندان جو عرصہ دراز سے اپنی رہائی کی درخواست کر رہے تھے آج ان کی سنی گئی ہے۔ اس خبر سگالی اقدام سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان میں پہلے مرحلے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور آنے والے وقت میں مزید سرمایہ کاری کی نوید سنائی ہے۔

سعودی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے، ہمارے لیے پاکستان بہت زیادہ اہم ملک ہے۔

محمد بن سلمان نے کہا تھا کہ آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید پروان چڑھیں گے اور اگلے 20 سال میں پاکستان میں سیاحت کا شعبہ فروغ پائے گا۔