’سعودی عرب سے بڑے منصوبوں کے چار معاہدے کئے گئے‘

سعودی عرب: ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے گھر بیٹے کی ولادت

فائل فوٹو۔–

اسلام آباد: چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ (بی او آئی) ہارون شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے بڑے منصوبوں کے چار معاہدے کئے گئے ہیں۔

ہم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئل، توانائی، آلٹرنیٹ انرجی اور معدنیات کے بڑے معاہدے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑے منصوبوں سے پوری چین بنتی ہے، ان کی فزیبیلیٹی اسٹڈی فوراً شروع کی جا رہی ہے۔

ہارون شریف نے بتایا کہ آئل ریفائنری کے منصوبے پر پانچ سال لگتے ہیں جبکہ آلٹرنیٹ انرجی میں ونڈ اور سولر کے منصوبے 3 برس میں مکمل ہو جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب انرجی سیکٹر کی کچھ کمپنیوں کے شیئرز خریدنا چاہتا ہے۔

چیئرمین بی او آئی کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری جس علاقے میں ہو گی وہاں روزگار کے مواقع زیادہ ہوں گے، بی او آئی نے وزارتوں اور صوبوں کے ساتھ مل کر ٹیمیں بنا دی ہیں، تکنیکی کام اسی ہفتے شروع ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ طویل المدتی سرمایہ کاری آنا خوش آئند بات ہے، اس سے ٹیکنالوجی آتی ہے اور درآمدات کا بل کم ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ طویل المدتی سرمایہ کاری سے مستقبل میں برآمدات بھی ہو سکتی ہیں۔

سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان

خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے جہاں دونوں ممالک کے درمیان 20 ارب ڈالر کے ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔

سعودی ولی عہد گزشتہ شب 8 بجے کے قریب نور خان ایئربیس پر پہنچے جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم عمران خان اور دیگر شخصیات نے ان کا استقبال کیا۔

بعدازاں سعودی شہزادے کو وزیراعظم ہاؤس میں عشائیہ دیا گیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے، ہمارے لیے پاکستان بہت زیادہ اہم ملک ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ یہ پہلا مرحلہ ہے اور پھر پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کریں گے۔

محمدبن سلمان نے کہا کہ آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید پروان چڑھیں گے اور اگلے20 سال میں پاکستان میں سیاحت کا شعبہ فروغ پائےگا۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی مہمان کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے آج ایک عظیم دن ہے، سعودی ولی عہداوران کے وفد کا پاکستان میں خیرمقدم کرتےہیں۔ سعودی عرب ہمیشہ سے ہمارا دوست اور بھائی رہاہے۔