سعودی ولی عہد کا دورہ بھارت جاری

سعودی ولی عہد کا دورہ بھارت جاری

فوٹو: بھارتی میڈیا

نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان آج ملاقات ہو رہی ہے۔

دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان حیدرآباد ہاؤس میں ملاقات ہو گی۔ جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی جائے گی۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں بھارت پاکستان کی مدد سے برپا ہونے والی دہشت گردی کے مسئلہ کو شدت کے ساتھ اٹھائے گا۔

دونوں ملکوں کے درمیان باہمی دفاعی تعلقات کو بھی مستحکم کرنے پر بات چیت ہو گی جب کہ مشترکہ بحری مشقوں کے حوالے سے بھی معاملہ زیر غور آنے کا امکان ہے۔

محمد بن سلمان دورہ نئی دہلی کے دوران بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی سمیت اہم بھارتی شخصیات سے دوطرفہ امور پر بات چیت کریں گے۔

محمد بن سلمان کا دورہ بھارت، اہم شعبوں میں سرمایہ کاری متوقع

بھارتی وزیر داخلہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ بھارت اور سعودی عرب تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم 27 ارب 48 کروڑ ڈالر سے زائد ہے۔ جو نئی دہلی کو ریاض کا چوتھا بڑا تجارتی شراکت دار بناتا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان اربوں ڈالر کے 5 معاہدوں سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان گزشتہ روز دو روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے جہاں اُن کا استقبال بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا۔

محمد بن سلمان پاکستان کے بعد بھارت کا بھی دو روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ سعودی ولی عہد آج رات نئی دہلی سے واپس ریاض روانہ ہو جائیں گے۔

اس سے قبل محمد بن سلمان نے پاکستان کا دو روزہ دورہ کیا تھا تھا اور 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے۔ محمد بن سلمان نے پاکستان کے دورے کے دوران سعودی جیلوں میں قید دو ہزار سے زائد پاکستانیوں کی رہائی کا حکم دیا۔