قومی کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ سے واپس وطن پہنچ گئی


لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم جنوبی افریقہ کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئی۔ قومی کرکٹ ٹیم نے  جنوبی افریقہ کے خلاف تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ اورتین ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلیں۔

ہم نیوز کے مطابق جنوبی افریقہ نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں تین صفر سے شکست دی، ون ڈے سیریز میں تین دو سے ہرادیا اور ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی جیت لی۔

جنوبی افریقہ میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں کوئی پاکستانی کھلاڑی مین آف دی میچ نہ بن پایا البتہ ون ڈے میچز میں محمد حفیظ اور عثمان شنواری مین آف دی میچزقرار پائے۔

ہم نیوز کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو بار ڈیوڈ ملراور ایک میچ میں شاداب خان مین آف دی میچ قرار پائے۔

دورہ جنوبی افریقہ کے لئے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم 16 رکنی اسکواڈ پر مشتمل تھی۔ قومی ٹیم میں سرفراز احمد کپتان، بابر اعظم، حارث سہیل، امام الحق اور شاہین شاہ آفریدی شامل تھے۔

یاسر شاہ، بلال آصف، محمد عباس، فہیم اشرف، محمد عامر، محمد رضوان ، حسن علی، اسد شفیق، فخر زمان، شان مسعود اورا شاداب خان بھی اسکواڈ کا حصہ تھے۔

ہم نیوز کے مطابق محمد عامر، رضوان، فخر زمان، شاداب خان اور شان مسعود نے کم بیک کیا تھا۔

دوسرے ون ڈے میچ میں مخالف ٹیم کے کھلاڑی فلک کوائیو پر جملہ کسا قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز کو مہنگا پڑ گیا تھا کیونکہ آئی سی سی نے ان پرچارمیچوں کی پابندی عائد کردی تھی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی غیر موجودگی میں شعیب ملک نے کپتانی کے فرائض سرانجام دیے۔

ہم نیوز کے مطابق دورے سے متعلق ہیڈ کوچ مکی آرتھرآج لاہور میں پریس کانفرنس کریں گے جب کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان اتوار کو پریس کانفرنس کریں گے۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے والوں میں کھلاڑی حسن علی ، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور فیلڈنگ کوچ اظہر محمود شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں