پاکستان کےتمام ائرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل

اسلام آباد ائیر پورٹ

اسلام آباد: پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان نے اپنے تمام ائر پورٹس پر فضائی آپریشن معطل کردیاہے ۔  بھارت نے بھی اپنے مختلف ائر پورٹس پر فضائی آپریشن معطل کیاہے۔ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی حدود میں فضائی آپریشن کل رات تک معطل رہے گا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کراچی، لاہور، اسلام آباد، سیالکوٹ، پشاور اور ملتان  سمیت ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر  فضائی آپریشن بند کرنے کےاحکامات دیے ۔ملک بھر میں اندرون اور بیرون ملک جانے والی پروازیں روک دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان ریلوے نے بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی۔ ریلوے حکام نے بھی ملک بھر میں ریلوے پولیس سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔

’بھارت نے بھی اپنے پانچ ائرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل کر دیا ہے‘

بھارت نے بھی اپنے پانچ ائرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل کر دیا ہے جب کہ سرینگر ائرپورٹ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔

پاک بھارت کشیدگی کے باعث دونوں ملکوں میں فضائی آپریشن بند کیا گیا ہے جب کہ پاکستان ریلوے نے ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے سرحدوں کی دونوں جانب جنگی طیاروں کی پروازیں جاری ہیں۔

گزشتہ روز بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تھی اور پاکستانی طیاروں کی آمد کے بعد اپنا پے لوڈ گرا کر فرار ہو گئے تھے۔

پاکستان کا سرپرائز، 2 بھارتی طیارے تباہ کر دیے

بھارت کی جانب سے ایک بار پھر فضائی حدود کی خلاف ورزی پر پاکستان نے دو بھارتی طیاروں کو مار گرایا۔ جس میں دو پائلٹ بھی ہلاک ہوئے اور ایک کو گرفتار کرلیا گیا۔

پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے ایل او سی پر جوابی کارروائی کی جو پاکستانی حدود میں رہتے ہوئے کی گئی۔ پاکستان نے بھارت کی فضائی حدود کی خلاف ورزی نہیں کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی طرف سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا کہ بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورازی کی جس پر پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی میں دشمن کے دو طیارے مار گرائے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ایک بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایک طیارے کا ملبہ آزاد کشمیر اور دوسرے کا مقبوضہ کشمیر میں گرا۔

بھارت نے بھی لائن آف کنٹرول پر کشیدگی برقرار رکھنے کی کوشش میں سری نگر ائرپورٹ کو 3 گھنٹے کے لیے بند کر دیا۔


متعلقہ خبریں