عمران خان کے لیے نوبل انعام، قومی اسمبلی میں قرارداد جمع

نوبل امن انعام

فائل فوٹو


وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو نوبل امن انعام دینے کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرارداد جمع کروا دی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے انتہائی دانشمندانہ کردار ادا کیا۔ بھارتی قیادت کا جنگی جنون دونوں ممالک کے درمیان تناؤ کا سبب بن رہا تھا اور بھارتی قیادت اپنے جارحانہ رویے سے دونوں ایٹمی ریاستوں کو جنگ کے دہانے پر لے آئی تھی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے جنگ جویانہ رویے سے سرحد کے دونوں طرف بسنے والے کروڑوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے فعال کردار ادا کرتے ہوئے مہارت کے ساتھ اس صورتحال کو امن کی جانب موڑ دیا۔ امن کے لیے خدمات پر وزیراعظم عمران خان کو امن کا نوبل انعام دیا جائے۔

دو روز قبل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کے اعلان کے بعد ان کے  فیصلے کو خوب سراہا گیا۔ ٹویٹر پر ’نوبل پرائز فار عمران خان‘ ٹاپ ٹرینڈ کی صورت میں نظر آیا جبکہ بھارتی صارفین اپنے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ’گوبیک مودی‘ کا ٹرینڈ چلاتے رہے۔

یہ بھی پڑھیے: ٹوئٹر پر عمران خان کیلئے نوبل انعام اور مودی سے ’گوبیک‘کا مطالبہ

ملکی سربراہان میں امن کے نوبل انعام کی دوڑ پہلے سے جاری ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی خود کو امن کے نوبل انعام کا حقدار سمجھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: میں نوبل انعام کا حق دار ہوں، ٹرمپ

امریکہ کے پانچ صدور بشمول باراک اوبامہ، جمی کارٹر، تھیوڈور روز ویلٹ اور وڈرو ولسن امن کے نوبل انعام جیت چکے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے بھی مطالبہ سامنے آیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل انعام سے نوازا جائے۔


متعلقہ خبریں