بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کو فوری وطن واپس لایا جائے،وزیراعظم


وزیراعظم عمران خان نے پی آئی اے کو بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی فوری وطن واپسی پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک کو ہدایات جاری کر دیں۔

وفاقی وزیر ہوابازی محمد میاں سومرو کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے مسافروں کو ترجیحی بنیادوں پر واپس پہنچایا جا رہا ہے، عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کے مسافر جن کے ویزہ کی معیاد ختم ہو رہی ان کو ترجیح دی جارہی ہے۔ اب تک پانچ ہزار سے زائد مسافروں کو وطن واپس پہنچایا جا چکا ہے۔ محمد میاں سومرو نے کہا کہ پی آئی اے کے آپریشنل عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ پی آئی اے کے مسافروں سے متعلق شعبہ جات مسلسل مسافروں کی رہنمائی میں مصروف ہیں اور تمام آپریشن کی نگرانی پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارشد ملک خود کررہے ہیں۔

گذشتہ روز پاکستان کی فضائی حدود کھولے جانے کے بعد پی آئی اے نے ملک کے چار بڑے ائر پورٹس سے فضائی آپریشن شروع کیا۔ جس کے بعد کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سے پروازیں آپریٹ کی جارہی ہیں۔ جبکہ لاہور، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ سے فضائی آپریشن تاحال معطل ہے جو چار مارچ کو بحال کیا جائے گا۔

مزید پڑھیے: کئی گھنٹوں کی فضائی پابندی کے بعد پروازیں اڑان بھرنے لگیں

پاکستان کی فضائی حدود کی پابندی کے باعث مشرق وسطی اور یورپ سمیت مخلتف ممالک کی ائر لائنز کو روٹ تبدیل کرنا پڑا تھا۔

سعودی عرب، چین، برطانیہ، متحدہ عرب امارات سمیت متعدد ممالک سے آنے والی پروازیں بھی منسوخ کردی گئی تھیں جس کے سبب چالیس ہزار سے زائد مسافر پاکستان نہیں پہنچ سکے تھے۔

پاک بھارت کشیدگی کے بعد پاکستان نے اپنے تمام ائیر پورٹس پر فضائی آپریشن معطل کردیا تھا۔ بھارت نے بھی اپنے مختلف ائیر پورٹس پر فضائی آپریشن معطل کیا تھا۔

پاک بھارت کشیدگی کے باعث نہ صرف دونوں ملکوں کے ائیر پورٹس بند ہوئے، بلکہ روٹس تبدیل ہونے سے مختلف ممالک  کی ائیرلائنز کو لاکھوں ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔


متعلقہ خبریں