وزیراعظم عمران خان نے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کردیا


اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے نئی ویزا پالیسی کا اعلان  کر دیا ہے۔نئی ویزا پالیسی کے تحت پاکستانی مشنز کو ایک سو 86 ممالک کے شہریوں کو تین ماہ کا ویزا جاری کرنے کا اختیار ہوگا۔

وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ابتداء میں جب اپنے لوگوں کو شمالی علاقہ جات کی دعوت دیتا تھا وہ نہیں آتے لیکن بیرون ملک والے وہاں آنے کی بار بار خواہش کا اظہار کرتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں اب سیکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں ہیں، ہم نے سرمایہ کاری کیلیے ساز گار ماحول فراہم کرنا ہے، لوگ جب آئیں گے تو یہاں سے متاثر ہوں گے اور سرمایہ کاری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ویزا کے اجراءکا مقصد ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دیناہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سہولیات میں اضافہ کریں گے تاکہ لوگ بیرون ملک سے سیاحت کے لیے ہوٹل بک کراسکیں، مقامی لوگوں کو گھر کے ساتھ ساتھ ایک ایک کمرہ بنانے کے لیے بھی قرضے دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ اگلا پی ایس ایل پاکستان میں ہوگا، بطور کرکٹر جانتا ہوں کہ خالی گرانڈوز میں کھیلنا کتنا بورنگ ہوتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات رکھیں گے کیونکہ ہمارا مشن پرامن اور خوشحال پاکستان ہے۔

نئی ویزا پالیسی 

نئی ویزا پالیسی کے تحت پاکستانی مشنز کو ایک سو 86 ممالک کے شہریوں کو تین ماہ کا ویزا جاری کرنے کا اختیار ہوگا۔ ویزا پالیسی کے تحت ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت چین،ملائیشیا،ترکی ،یو اے ای اور برطانیہ کے شہریوں کے لیے ہوگی۔ 175 ممالک کے شہری ای ویزا کی سہولت سے مستفید ہوں گے ۔

مینول اور ای ویزا کا پراسیسنگ ٹائم 7سے 10 دن کا ہوگا۔ نئی ویزا پالیسی کے تحت اب  24 کی بجائے 50 ممالک کے شہریوں کو آمد پر ویزا آن آرائیول کی سہولت حاصل ہوگی۔

پاکستانی مشنز کی طرف سے وزارت تجارت کی سفارش پر 96 ممالک کے کاروباری افراد کو 24 گھنٹے میں ملٹی پل بزنس ویزا کا اجرا ہوگا۔پاکستانی مشنز پاکستانی نژاد شہریوں اور ان کے شریک حیات کو پانچ سالہ مدت کا ملٹی پل اور ایک سالہ قیام کا ویزا7 سے 10 دن میں جاری کرنے کے مجاز ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے نئی ویزا پالیسی متعارف کرا دی

وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں پیپلزپارٹی کی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ نے کہا کہ  پاکستان کو پرائیوٹ لمیٹڈ کمپنی بنانے کی عمران خان کی کوششیں ناکام ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ امیر امیر سے امیر تر اور غریب مزید بدحال ہوجائے،پاکستان صرف سرمایہ داروں کا ملک نہیں، یہاں غریب بھی بستے ہیں۔

نفیسہ شاہ نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کی چیخیں نکالنا پی ٹی آئی کی معاشی پالیسی ہے، عمران خان ملک کے صرف امیروں کیلئے معاشی پالیسی لانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہ اکہ عمران خان ڈکٹیٹر ایوب خان کے دور کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے، بھٹو شہید پر تنقید نہیں کرسکتے تو عمران خان نے ان کی معاشی پالیسیوں کو تختہ مشق بنالیا ہے۔


متعلقہ خبریں