بلاول بھٹو کو غدار وطن قرار دیا جائے ، پی ٹی آئی ارکان کی پنجاب اسمبلی میں قرارداد

فوٹو: فائل


لاہور: تحریک انصاف پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف کھل کر میدان میں آگئی ہے ۔ بلاول بھٹو زرداری کو غدار وطن قرار دینے کے لیے ایک کے بعد دوسرا مطالبہ سامنے آگیا ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو غدار وطن قرار دینے کے مطالبے کی ایک اور  قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے ۔

قرارداد تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سیمابیہ طاہر کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کے ایوان کی رائے ہے کہ بلاول بھٹو کا کالعدم تنظیموں کے حوالے سے بیان پاکستان کی مخالفت اور مودی سرکار کی حمایت میں ہے۔اس ایوان کی یہ بھی رائے ہے کہ پاکستان پُرامن ملک ہےاور اس کے ادارے اپنے اندرونی و بیرونی معاملات کو ہر سطح پر بااحسن و خوبی دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان کے ادارے کسی بھی جارحیت کا بروقت منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔صوبائی اسمبلی پنجاب کے اس ایوان کی یہ بھی رائے ہے کہ بلاول بھٹو غداروطن ہے۔ اسی بناء پر بلاول بھٹو زرداری پاکستان مخالف بیان دے رہا ہےجس کی یہ ایوان شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ”بلاول بھٹو کو غدار وطن قرار دیا جائے۔اور اس کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کر کے بھرپور کارروائی کی جائے۔

یاد رہے اس سے قبل پی ٹی آئی کی ہی رکن پنجاب اسمبلی جمعرات کو بلاول بھٹو کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کراچکی ہیں۔

تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ بلاول زرداری نے ذاتی مفاد کے لیے ملک کے مفاد کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔

بلاول بھٹو  کالعدم تنظیموں کے حوالے سے بیان انتہائی افسوسناک اور بھارتی وزیر اعظم نریندری مودی کے بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہے جو پاکستان کے بیانیے کی نفی ہے۔

بلاول کا بیان اپنی شہید ماں کے خون سے بھی غداری ہے۔قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ آج دنیا پاکستان کے بیانیے کے مطابق مسئلہ کشمیر سمیت پاکستان پر بھارتی جارحیت اور لائن آف کنٹرول کی بھارت کی جانب سے باربار پاکستان پر حملہ کر کے خلاف ورزی کرنے کے موقف کی تائید کر رہی ہے۔ ان کشیدہ حالات میں بلاول  زرداری پاکستان کے خلاف ایسے بیان داغ رہے ہیں جو کسی بھارتی راکٹ لانچر سے کم نہیں ۔

’بلاول بھٹو نے ذاتی مفاد کے لئے پاکستان مخالف بیان دیا ہے،قرارداد‘

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ بلاول زرداری نے کالعدم تنظیموں کے خلاف حکومتی ایکشن کو حفاظتی تحویل سے تعبیر کیا ہے۔  اس بیان کی ہر ذی شعور پاکستانی مذمت کر رہا ہے اور اسے پاکستان سے غداری گردانتا ہے۔قرار داد کے متن میں مزید کہا گیا کہ بلاول زرداری انڈین ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:وزیراعظم کالعدم تنظیموں، مودی کے خلاف نہیں بولتے: بلاول

یہ بھی پڑھیے:بھاڑ میں جائیں آپ اور آپ کابیانیہ، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے ذاتی مفاد کے لئے پاکستان مخالف بیان دیا ہے، ان کا بیان پاکستان کو دنیا کی نظروں میں گرانے کی کوشش ہے اور یہ بیان پاکستان کے خلاف دہشتگردی کی ایک بڑی مثال ہے۔

بلاول زرداری کے پاکستان کے بیانیے کی نفی کرنے، مودی کے بیانیے کو تقویت پہنچانے کے مترادف سمجھتے ہیں۔ انکے اس بیانیے کی پاکستان کے آئین سے روگردانی کر کے غداری کا مرتکب ہونے پر بھرپور اور شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

قرارداد میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بلاول زرداری کے پاکستان مخالف بیان پر ان کے خلاف آئین پاکستان کے آرٹیکل 6 کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ درج کیا جائے اور سخت سے سخت سزا دلوائی جائے۔


متعلقہ خبریں