سوشل میڈیا پر مقبول اطالوی سفیر کا دلچسپ انٹرویو

پاکستانی اپنی شناخت قائم رکھتے ہوئے جدت لائیں، اطالوی سفیر

Stefano Pontecorvo


پاکستان میں اٹلی کے سفیر اسٹیفانو پونٹیکوروو کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لوگ ایشین اطالوی اور اٹلی کے لوگ یورپی پاکستانی ہیں۔ ہماری اقدار اور دلچسپیاں ایک جیسی ہیں۔

ہم نیوز ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مجھے چار برس ہو گئے ہیں اور قیام میں مزید توسیع کا امکان بھی ہے۔ پاکستان کا ثقافتی ورثہ بہت وسیع ہے اور یہاں کے لوگ دنیا کے بہترین افراد ہیں۔

سوشل میڈیا پر اپنی مقبولیت کے بارے میں ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آغاز سے ہی انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستانیوں سے رابطہ بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سے سفارت خانے سے متعلقہ مسائل کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ مختلف تجاویز کی بدولت طریق کار کو بہتر بنانے کا موقع ملا

اسٹیفانو پونٹیکوروو نے کہا کہ ان روابط کی وجہ سے میں بھی پاکستانیوں کو یہ بات سمجھانے کے قابل ہوا ہوں کہ ہمارے ہاں فیصلے کا کیا طریق کار ہے اور کس طرح معاملات طے کیے جاتے ہیں۔

اطالوی سفیر نے کہا کہ لوگوں کا ردعمل بہت مثبت رہا، اگرچہ ایک وقت میں میرا اکاؤنٹ ویزا کے بارے میں سوالات پوچھنے والا سنٹر بن گیا تھا لیکن لوگ جلد ہی سمجھ گئے کہ ویزے کے انفرادی معاملات کو سوشل میڈیا کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا۔

پاکستان میں اپنے قیام کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں اور میری بیوی دونوں کے اس بارے میں احساسات بہت خوش کن ہیں، پاکستانی سنجیدہ، محنتی، قابل اعتماد اور دوستانہ رویہ رکھنے والے ہیں۔

اسٹیفانو پونٹیکوروو کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اپنی شناخت پر سمجھوتہ کیے بغیر اصلاحات کے ذریعے جدت لانی چاہیئے۔

اطالوی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور اٹلی کے درمیان باہمی تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں، ہم یونیورسٹی کی سطح پر تعاون کی جانب کام کر رہے ہیں تاکہ ایک دوسرے کی ڈگریوں کو تسلیم کیا جائے اور وظائف کا تبادلہ کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ اٹلی کو دنیا میں ایگری بزنس میں قائد کی حیثیت حاصل ہے جس سے پاکستان بہت فوائد حاصل کر سکتا ہے۔ اسی طرح سنگ مرمر کی صنعت، رینیو ایبل توانائی اور پانی کا انتظام سے متعلق معاملات پر تجارت کے مواقع موجود ہیں کیونکہ پاکستان اس خطے کا معاشی مرکز بننے جا رہا ہے۔

اٹلی میں ملازمت کے لیے ویزا کے حصول پر انہوں نے بتایا کہ وہاں بھی پاکستان کی طرح وکلاء، ڈاکٹرز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بینک اور فائنانس کے شعبوں میں زیادہ تنخواہ ملتی ہے۔ جہاں تک اٹلی میں اپنا کاروبار شروع کرنے کا معاملہ ہے تو اس کے بارے میں تفصیلات اطالوی چیمبر آف کامرس کی ویب سائیٹ سے مل سکتی ہیں۔

ورک ویزا کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کے لیے بہت سادہ طریق کار ہے، آپ اٹلی میں کام کرنے والی کسی بھی رجسٹرڈ کمپنی یا بین الاقوامی تنظیم میں ملازمت حاصل کریں گے تو آپ کو اٹلی میں رہنے اور کام کرنے کی اجازت مل جائے گی۔

مستقل رہائش کے بارے میں اطالوی سفیر نے بتایا کہ اٹلی میں پانچ برس تک قانونی رہائش اور مناسب آمدنی کے ثبوت پر مستقل رہائش اور بعد ازاں شہریت حاصل کی جا سکتی ہے۔


متعلقہ خبریں