حفیظ شیخ کا اعتراض، حماد اظہر کی24گھنٹے میں تقرری و برطرفی


اسلام آباد: مشیر خزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ  کے اعتراض پر حماد اظہر سے  وفاقی وزیر برائے ریونیو کا قلمدان 24 گھنٹے میں واپس لے لیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے مشیر خزانہ کو ریونیو ڈویژن کا قلمدان واپس دے کر حماد اظہر کو وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن مقرر کردیا ہے۔

حماد اظہر نے 8 جولائی کو وفاقی وزیر کا حلف اٹھایا اور گزشتہ روز ہی ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا۔ کابینہ ڈویژن نے آج قلمدان تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حماد اظہر نے وفاقی وزیر کا حلف اٹھا لیا

اس سے قبل حماد اظہر وزیر مملکت برائے ریونیو کی حیثیت سے کام کررہے تھے۔ ان کی تقریب حلف برداری ایوان صدر اسلام آباد میں ہوئی تھی جہاں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی وزیر سے عہدے کا حلف لیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے حماد اظہر کو وفاقی وزیر بنانے کی منظوری دیتے ہوئے سمری ایوان صدر کو ارسال کی تھی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بطور وزیر مملکت برائے ریونیو اچھی کارکردگی دکھانے پرحماد اظہر کو وفاقی وزیر کے عہدے کے لیے منتخب کیا تھا۔ ایوان میں بجٹ پیش کرنے کے موقع پر بھی وفاقی حکومت نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا تھا۔


متعلقہ خبریں