سب خطرےمیں ہیں،عالمی برادری کو کاروباری فوائد سے بالاتر ہونا ہوگا: عمران خان

سب خطرےمیں ہیں،عالمی برادری کو کاروباری فوائد سے بالاتر ہونا ہوگا: عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا کشمیر کو نظرانداز نہیں کرسکتی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ہم سب خطرے میں ہیں لہذا عالمی برادری کو کاروباری فوائد سے بالاترہوکر سوچنا ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نریندر مودی اور اس کے وزرا آر ایس ایس کے ممبر ہیں۔

مؤقر امریکی اخبار ’نیویارک ٹائمز‘ میں تحریر کردہ اپنے ایک مضمون میں انہوں نے متنبہ کیا کہ دوسری جنگ عظیم کی طرح جنگ کا خطرہ پھیل گیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے کہ دو ایٹمی طاقتیں مدمقابل ہیں۔

ہٹلر اور نازی کے پیروکار مودی اور آر ایس ایس

پاکستان کی حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لکھا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کی نسبت اس مرتبہ خطرہ جوہری ہتھیاروں کے سائے تلے ہے۔

تحریر کردہ مضمون میں انہوں نے لکھا ہے کہ وزیراعظم بننے کے بعد پہلی ترجیح جنوبی ایشیا کا امن تھا۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات اور حالات معمول پر لانا چاہتا تھا۔ اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لیکن بھارت نے قیام امن کے لیے ہماری امن کی کوششوں کو یکسر رد کردیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ نریندر مودی اور اس کے وزرا آر ایس ایس کے اراکین ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے وزیراعظم سیکریٹریٹ کے باہر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں میرا مضمون شائع ہوا ہے جس میں، میں نے دنیا کو بتایا ہے کہ کشمیریوں کے ساتھ کیا مظالم ہورہے ہیں؟ انہوں نے واضح کیا کہ آر ایس ایس کا ایک نظریہ ہے جس نے ہندوستان پر قبضہ کرلیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آر ایس ایس کا نظریہ صرف مسلمانوں کے لیے ہی نہیں ہے کیونکہ وہ عیسائیوں سمیت کسی بھی دوسرے کو اپنے برابر کا شہری نہیں سمجھتے ہیں۔

افسوس ہے مسلمانوں پر ظلم ہو تو عالمی برادری خاموش رہتی ہے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان کے مطابق آر ایس ایس کا نظریہ گاندھی اور نہرو کے سیکولر ازم کو نہیں مانتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسی نظریے نے گاندھی کو قتل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ  یہ کسی بھی عالمی قانون کو نہیں مانتا ہے۔

انہوں نے کہا یہ نہ بھارت کے آئین کو مانتے ہیں اور نہ ہی بھارتی ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف اور صرف ہندتوا اور ہندو راج کو مانتے ہیں۔

پاکستانی وزیراعٖظم نے کہا کہ اقوام متحدہ میں کشمیریوں پرڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کو اجاگر کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے جن ممالک کے سربراہان حکومت سے بات ہوئی انہیں بھی بتایا ہے کہ اگر دنیا نریندر مودی کی فاشسٹ حکومت کے خلاف کشمیریوں کے لیے کھڑی نہیں ہو گی تو اس کا اثر پوری دنیا میں پھیلے گا۔

بولی وڈ اداکارہ ارمیلا مٹونڈکر بھی کشمیریوں کے حق میں بول پڑیں

ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی ہٹلر کے نازی نظریات اور اقدامات کے باعث پانچ سے چھ کروڑ انسان دوسری جنگ عظیم میں مارے گئے تھے۔

عمران خان نے خبردار کیا کہ بھارت دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر سے ہٹانے کے لیے بالاکوٹ طرز کے جعلی فلیگ آپریشن کا ارتکاب کرسکتا ہے۔

وزیراعظم پاکستان نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ مودی حکومت کو واضح طور پر بتانا چاہتا ہوں کہ ہماری افواج تیار ہیں اور اگر آزاد کشمیر میں کوئی ایسی حرکت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

عمران خان نے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم ہر جواب دینے کے لیے تیار ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ دنیا کو معلوم ہونا چاہیے کہ دو ایٹمی ممالک کے آمنے سامنے آنے سے صرف برصغیر کو ہی نہیں بلکہ ساری دنیا کو نقصان ہوگا۔


متعلقہ خبریں