’وزیراعظم نے وزراء اور محکموں کو آئندہ تین ماہ کیلئے روڈ میپ دے دیا ہے‘

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ  وزیراعظم عمران خان  نے وزراء اور محکموں کو آئندہ تین ماہ کیلئے روڈ میپ دے دیا ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ کے پروگرامز کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے سخت محنت کی ہدایت کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے روزگار کے لیے نئے مواقع اور پالیسی ترتیب دینے کی بھی ہدایت کی  ہے۔ وزیراعظم ہر وزارت کی کارکردگی کا خود جائزہ لیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تمام فیصلوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔ اس حوالے سے وزیراعظم تمام سیکرٹریز سے بھی ملیں گے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت نے معیشت کی گاڑی کو درست سمت میں گامزن کر دیا ہے۔ تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں جو موجودہ حکومت کی کامیابی کی علامت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اصلاحات کا مشکل مرحلہ طے کر لیا ہے۔ عوام کا اصلاحاتی پروگرام کی وجہ سے اعتماد بحال ہوا ہے۔ وزیراعظم نے اصلاحاتی ایجنڈے سے پیچھے نہ ہٹنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ چیلنجز پر قابو پا کر آگے بڑھنا ہے اور چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔ جاری خسارے میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 50 فیصد کمی آئی ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاری میں گزشتہ تین سال میں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ پاکستان میں اقتصادی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں۔ سٹاک مارکیٹ میں بہتری معیشت کے استحکام کی علامت ہے۔ ایندھن کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے جس سے کاروباری سرگرمیاں تیز ہوئیں ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ گردشی قرضوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ 2020 کے بعد گردشی قرضوں کا خاتمہ کر دیں گے۔ ٹیکس گوشواروں میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 5 سال مکمل کرنے تک 50 لاکھ ٹیکس دہندگان کا ہدف ہے۔

ایک سوال کے جواب میں معاون خصوصی نے کہا کہ عوام نے افواہوں پر کان نہیں دھرے جس کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ میں بہتری ہوئی۔

فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کونسل ( ای سی سی) کے 30 اکتوبر کے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ نے ملکی تاریخ میں پہلی بار نیشنل الیکٹریکل وہیکل پالیسی کی منظوری دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کی ایف اے ٹی ایف سیکریٹریٹ قائم کرنے کی منظوری

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم ملک میں سیاحت کے فروغ کا عزم رکھتے ہیں۔ کرتار پور راہداری منصوبے کی تکمیل مذہبی سیاحت کی طرف ایک قدم ہے۔ بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کیلئے پاسپورٹ کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ کرتار پور سے 5 ہزار سکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ویزا پالیسی میں مزید نرمی کے خواہاں ہیں۔ سیاحو ں کی آسانی کیلئے ویزا فارم کو از سر نو ترتیب دیا جارہا ہے۔ نادرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ عالمی معیار کے آڈیٹرز سے آڈٹ کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ڈائریکٹر جنرل رینجرز پنجاب کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) کو تین ماہ میں اسلام آباد سے متعلق اصلاحات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین نے کابینہ کو مقامی حکومتوں کے نظام سے متعلق آگاہ کیا۔ اسلام آباد کے لیے بھی مقامی حکومتوں کا نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں