آرمی ایکٹ میں ترمیم پر پارلیمانی طریقہ اپنانا ہماری کامیابی ہے، بلاول



اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیمی کیلئے پارلیمانی طریقہ کار اپنایا جانا حزب اختلاف کی بڑی کامیابی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی جماعتیں پارلیمنٹ کی عزت نہیں کریں گی تو کوئی بھی نہیں کرے گا۔  پیپلزپارٹی کے اختیار میں جو کچھ تھا وہ کیا اس سے بڑھ کر ہم کچھ نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پارلیمیانی طریقہ کار اپنانے پر زور دے سکتے تھے، ورنہ پیپلزپارٹی ایک کوما اور فل اسٹاپ میں بھی تبدیلی نہیں کروا سکتی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کو پتا نہیں کس بات کی جلدی ہے وہ چاہے تو ہمارے بغیر بھی سب کچھ کر سکتی ہے، جب ن لیگ نے غیر مشروط حمایت کا اعلان کردیا تو ہم کچھ بھی نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو چاہیے تھا کہ اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلتے لیکن ن لیگ نے پیپلزپارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہمارے پاس صرف 50ووٹ ہیں، ہم کچھ نہیں کر سکتے لیکن ہمیں پارلیمانی طریقہ کار کو اپنانا چاہیے کیوں کہ اہم بل بھی پارلیمانی طریقہ کار کے بغیر پاس ہوں گے تونقصان ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر پارلیمانی طریقے  پر چلنا چھوٹی کامیابی ہے، ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ پیپلزپارٹی کی حمایت کیلئے پارلیمانی طریقہ اکار اپنانا ہوگا۔


متعلقہ خبریں