عمران خان کی حکومت کو پانچ سال پورے کرنے چاہئیں، شاہد خاقان عباسی


کراچی: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کسی ڈیل کا حصہ نہیں بنے گی، عمران خان کی حکومت کو پانچ سال پورے کرنے چاہئیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت کے ساتھ مشترکہ کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مسائل کا حل جمہوریت میں ہے، ہم اقتدار کی بات نہیں کرتے بلکہ گڈ گورننس کا کہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ شہباز شریف کی ہدایت پر ایم کیو ایم سے ملنے آئے ہیں، ہم سب کو مل بیٹھ کر نئے راستے کا تعین کرنا ہو گا۔

مزید پڑھیں: بلاول کا ایک بار پھر ایم کیو ایم کو پی ٹی آئی سے اتحاد ختم کرنے کا مشورہ

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکسان کے مسائل کا حل حقیقی جمہوریت ہے، ہمارے اور ایم کیو ایم کے خیالات میں بہت ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

انہوں نے ابھی کہا  کہ آج پاکستان میں لوگوں کو روزگار میسر نہیں ہے،  ملک میں مہنگائی کا راج ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت لاپتا ہے،  مہنگائی کا جواب نہیں دے پا رہی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگی وفد نے ایم کیو ایم قیادت کو میاں نواز شریف کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا

یہ بھی پڑھیں: ’شاہد خاقان عباسی کو اپوزیشن لیڈر نہیں بنایا جارہا‘

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت نہیں ہے، 2018 کا انتخاب چوری کیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری نے ایم کیو ایم کو مشورہ دیا تھا کہ وہ وفاقی حکومت سے باہر نکل آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ایم کیو ایم کے بلدیاتی اصلاحات، پولیس سمیت دیگر مطالبات پر پورا نہیں اترسکی ہے۔ ایم کیو ایم کو سوچنا چاہیے کہ وہ کراچی کے عوام کو مشکلات میں ڈالنے والی جماعت کا ساتھ کیوں دے رہی ہے؟


متعلقہ خبریں