پنجاب : بین الاضلاع پبلک ٹرانسپورٹ کو 10 مئی تک اجازت دینے کا فیصلہ


پنجاب حکومت نے بین الاضلاع پبلک ٹرانسپورٹ کو 10 مئی شام 6 بجے تک اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا۔

یہ فیصلہ سول سیکریٹریٹ میں کورونا وبا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد اجلاس میں کیا گیا۔

فیصلے کے مطابق 10 مئی شام 6 بجے سے 15مئی صبح 6 بجے تک پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی ہو گی۔

اس ضمن میں وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ کورونا وبا کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جاتا ہے، احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب کے کسی بھی ویکسی نیشن سینٹر پرویکسین کی کوئی کمی نہیں، روزانہ کی بنیاد پرایک لاکھ سے زائد افراد کی ویکسی نیشن کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کرنے کی صلاحیت میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاوَن کے بغیر کوروناکے خلاف جنگ نہیں جیتی جا سکتی۔

اجلاس میں شریک چیف سیکریٹری پنجاب نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں