پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی

40 دنوں میں ہنڈریڈ انڈیکس 5 ہزار سے زائد پوائنٹس تک گر گیا


کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج شدید مندی کی لپیٹ میں آ گئی ہے اورایک ماہ دس دن میں مارکیٹ پانچ  ہزار سے زائد پوائنٹس تک گر چکی ہے، مارکیٹ میں مسلسل کمی سے سرمایہ کار اور ٹریڈرز شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

سرمایہ کار ان دنوں مارکیٹ میں دلچسپی نہیں لے رہے جس کی وجہ سے پچھلے 40 دنوں میں مارکیٹ پانچ ہزار سے زائد پوائنٹس تک گر گئی  ہے، آج رواں سال کے دوران پہلی بارایک ہی دن میں مارکیٹ میں ایک ہزار66 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی۔

ٹریڈرز کا کہنا ہے کہ اس سال مارکیٹ کے حوالے سے کوئی مثبت پیش رفت نظر نہیں آ رہی بلکہ حکومتی ارکان  کی جانب سے متنازعہ بیانات سامنے آ رہے ہیں، سابق نااہل وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف کا ممبئی حملوں کے حوالے سے بیان ملک وقوم  کیلئے شرمندگی  کا  سبب  بنا اور بھارتی حکومت اور میڈیا نے اس پر خوب  واویلا  کیا۔

پاکستان پہلے ہی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ میں ہے اور اب  اسے بلیک لسٹ میں ڈالے جانے کی  باتیں ہو رہی ہیں لیکن حکومتی ارکان کی جانب سے سنجیدہ  رویہ اختیارنہیں کیا جا رہا۔

ٹریڈرزکا یہ بھی کہنا ہے کہ سیمنٹ سیکٹر میں سب سے زیادہ سرمایہ کاری کی جارہی تھی لیکن ان دنوں یہ سیکٹر بھی شدید مندی کا شکار ہے اور اس کی اہم  وجہ بجٹ میں پیش کی جانے والی تجاویز ہیں۔

اسٹاک مارکیٹ میں ٹریڈر ولید احسان نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی مارکیٹ میں زبردست مندی رہی اورانڈیکس ایک ہزارسے زائد پوائنٹس گر کر 42 ہزار 547 پوائنس تک آ گیا ہے جو رواں سال کی کم ترین سطح ہے۔


متعلقہ خبریں