امریکا نے چار موبائل لیبارٹریز پاکستان کے حوالے کردیں


امریکا نے چار موبائل لیبارٹریز پاکستان کے حوالے کردیں،امریکی سفیرڈونلڈبلوم کا کہنا تھا کہ حفاظتی سامان،امداد اورٹیسٹنگ کٹس کی فراہمی سمیت کورونا میں ہر طرح سے پاکستان کے ساتھ رہے۔

اسلام آباد میں قومی ادارہ صحت کو موبائل سیفٹی لیب  کی حوالگی کی تقریب ہوئی،یو ایس ایڈ فنڈڈ جی ایچ ایس پی ایس ایم منصوبے کے کنٹری ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق نے امریکہ کی جانب سے کورونا میں دی گئی امداد پر تفصیلی بریفنگ دی۔

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ کورونا میں ڈاکٹرزاور نرسزنے سب سے اہم کردار اداکیا۔امریکی حکومت  6 دہائیوں سے پاکستانی حکومت کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان کو کورونا کی 61ملین خوراکین دیں، آج موبائل ٹیسٹنگ/سیفٹی لیب قومی ادارہ صحت کے حوالے کر رہے ہیں۔کورونا  میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے،ہم سب کو احتیاط کی ضرورت ہے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی اور دیگر وبائی امراض کے حوالے سے بھی امریکہ پاکستان کی مدد کرتا رہا ہے، امریکی حکومت پاکستان کا صحت کے شعبے میں ساتھ دیتی رہے گی۔

اس موقع پر وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ کورونا وباء سے بچاوٴ کے لیے تمام ضروری اقدامات اور وسائل کو بروئے کار لا رہے ہیں،یو ایس ایڈ کی جانب سے چار جدید ترین موبائل لیب کی فراہمی ایک بروقت امداد ہے۔جدید ترین موبائل لیب کے استعمال کو بھر پور یقینی بنائیں گے۔


متعلقہ خبریں