بھارت کشمیریوں سے ان کی منفرد شناخت چھیننا چاہتا ہے، صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر


مظفر آباد: مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں سے ان کی منفرد شناخت چھیننا چاہتا ہے۔

مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کے غیرقانونی اور یک طرفہ بھارتی اقدامات کو 3 سال ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ خطہ غیر انسانی فوجی محاصرے میں ہے اور جہاں کشمیری ناقابل بیان مصائب کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔

شاہ غلام قادر نے کہا کہ “بی جے پی” اور “آر ایس ایس” کے مشترکہ اقتدار میں بھارتی حکومت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مخالفت کر رہی ہے جبکہ جنیوا کنونشن سمیت عالمی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے “ہندتوا” ایجنڈے پر بے شرمی سے کار بند ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نوآبادیاتی سوچ کے تحت متنازعہ خطے پر مستقل قبضہ کرنا اور کشمیریوں سے ان کی منفرد شناخت چھیننا چاہتا ہے۔ 5 اگست 2019 سے بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اضافی بھارتی فوج لا چکا ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پر اتنی سخت پابندیاں عائد ہیں جن کی مثال نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو کرہ ارض کی سب سے جیل میں بدل دیا ہے اور گزشتہ 3 سال میں ماضی سے بھی کہیں زیادہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال بدترین ہو چکی ہے اور کشمیری اپنی زندگی بھارتی فوج کے محاصرے میں گزارنے پر مجبور ہیں۔

مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر نے کہا کہ بدترین مظالم کے باوجود بھارت کشمیریوں کا جذبہ آزادی سرد کرنے میں ناکام رہا ہے اور کشمیریوں کی مقامی اور جائز تحریک مزاحمت جاری ہے۔ تنازعہ جموں کشمیر دہائیوں سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے۔ یہ ایک دیرینہ ترین تنازعہ ہے جسے فوری اور ذمہ داری کے احساس کے ساتھ فوری حل کرنے کی ضرورت ہے۔


متعلقہ خبریں