سماعت سے محروم بچوں کا مفت علاج


لاہور: لاہور میں سماعت سے محروم بچوں کا مفت علاج شروع کر دیا گیا۔

لاہور کے گھرکی ٹیچنگ اسپتال میں انٹرنیشنل میڈیکل ریلیف ایجنسی کے تعاون سے سماعت سے محروم بچوں کی مفت سرجری کی جا رہی ہے۔ سماعت کے جدید ترین کاکلیئر امپلانٹ آلے کے ذریعے بچے ہر آواز سے روشناس ہوتے ہیں۔

سرجری ہونے والے بچوں کے والدین کا کہنا تھا کہ فوری اور مفت علاج کے باعث ان کا بچہ آج سن سکتا ہے۔

ای این ٹی اسپیشلسٹ ڈاکٹر ہارون خان نے کہا کہ سماعت کے قابل بنانے والے آلے کاکلیئر امپلانٹ کے ذریعے سماعت سے محروم بچے ہر آواز سے روشناس ہو سکتے ہیں اور ایسے بچے جو دونوں کانوں سے سن نہیں سکتے اور ہئیرنگ ایڈز بھی ان کے لیے مؤثر نہیں ہوتے وہ کاکلیئر امپلانٹ کی بدولت نارمل زندگی گزار سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک بچے کے آپریشن سے کاکلیئر امپلانٹ تک 25 سے 30 لاکھ روپے کا خرچہ آتا ہے لیکن گھرکی ٹیچنگ اسپتال میں یہ علاج بالکل مفت کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کے اصل ہیرو پولیو ورکرز ہیں، گاوی کے سی ای او کا عالمی کانفرنس میں اعتراف

ڈاکٹر ہارون نے بتایا کہ کاکلیئر امپلانٹ ایک الیکٹرانک ڈیوائس ہے جو سرجری کے ذریعے کان کے اندر لگائی جاتی ہے۔ یہ آلہ کان کے خراب حصہ کو بائی پاس کر کے آوازوں کو سماعتی اعصاب تک پہنچاتا ہے اور یوں قوت سماعت سے محروم افراد کو زندگی کی تمام آوازیں سنائی دینے لگتی ہیں۔

ڈاکٹر نوید احمد نے کہا کہ کاکلیئر امپلانٹ جدید آلہ ہے اور اگر کوئی بلکل بہرا بھی ہو جائے تو اس کی مدد سے وہ سن سکتا ہے۔ یہ کان کے اندر لگتا ہے اور ایک پیچیدہ آپریشن کے زریعے بچے کو سماعت کے قابل بنایا جاتا ہے۔ یہ آلہ صرف امریکہ، اسٹریلیا اور آسٹریا ہی بنا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں