کشمیر کی آزادی کے لیے دنیا بھر میں پیغام پہنچانا ہو گا، مشعال ملک

فوٹو: فائل


کشمیری حریت رہنمایٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیر یوں کے لیے سب سے بڑی سپورٹ پاکستانی عوام ہیں جو پوری دنیاتک کشمیر کا پیغام عام کر سکتے ہیں ۔

لاہور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئےمشعال ملک نے کہا کہ کشمیری عوام ایک آزاد فضا میں سانس لینے کے لیے برسوں سے قربانیاں دیتے آ رہے ہیں، کشمیریوں کی آزادی کے لیے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور بھارتی منفی پروپیگنڈے کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہو گا۔

مشعال ملک نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ہر سال 5فروری کو پوری دنیا تک اپنی آواز پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن بھارتی جارحیت بدستور قائم ہے اور خصوصاً 5اگست 2019کے بعد کشمیریوں پر ہونے والے مظالم مزید بڑھ گئے ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ اب ہمیں اپنی جدو جہد کو مزید تیز کرنا ہو گا اورآئندہ برس 5فروری سے قبل تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے پوری دُنیا تک اپنی آواز پہنچا نا ہو گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) غلام مصطفی نے کہا کہ کشمیر کا آزاد ہونا طے ہے اور وہ وقت دور نہیں جب بھارت اپنے ہی ملک میں چلنے والی مختلف تحریکوں کے باعث ٹوٹ جائے گا۔

اس موقع پر پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ آج کے دن کی مناسبت سے ہم اپنے غازیوں اور شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل کے لیے قربان کیا۔انہوں نے کہا کہ جب بھی وطن عزیز کو ضرورت پڑی تو آج کی نوجوان نسل کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ اکیسویں صدی کے جدید دور میں اب جنگیں سرحدوں کی بجائے سائنس لیبارٹریز، یونیورسٹیز، معاشی میدانوں اور انصاف کے ایوانوں میں لڑ ی جا تی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انصاف ، جمہوریت اور مساوات ہی ترقی کے راستے ہیں۔

تقریب میں کشمیر کے حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی اور طلبا نے کشمیری نغمے بھی پیش کیے۔


متعلقہ خبریں