عیدالاضحیٰ کا تیسرا دن: قربانی آخری دن


اسلام آباد: سنت ابرہیمی کی تکمیل کے لیے آج عیدالاضحیٰ کے تیسرے دن بھی جانوروں کی قربانی کی جارہی ہے۔ عید قرباں کا آخری دن ہے۔ سرکاری تعطیلات ختم ہونے کے بعد دفاتر، اسکول اور کالج کھل گئے ہیں لیکن حاضری نہایت کم ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سندھ اوربلوچستان کی صوبائی حکومتون نے چونکہ آج بھی تعطیل کا اعلان کیا تھا اس لیے ان کے زیرانتظام ادارے تاحال بند ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آبا د میں معمول کی گہما گہمی نہیں ہے اور سڑکوں پہ ٹریفک بہت کم ہے۔ اکثر گھروں کو عید منانے کے لیے جانے والے ’پردیسیوں‘ کی واپسی نہیں ہوئی ہے اور غالب امکان یہی ہے کہ بیرون شہر جانے والے اتوار کی رات یا پھر پیر کی صبح واپس لوٹیں گے تو شہر کی رونقیں بحال ہوں گی۔

ہم نیوز کے مطابق عیدالاضحیٰ کے لیے خاص طور پر لگائی جانے والی مویشی منڈیاں بھی تقریباً بے رونق ہوچکی ہیں اوربیوپاریوں کی کوشش ہے کہ وہ جلد از جلد بچ جانے والے جانوروں کو فروخت کرکے اپنے اپنے علاقوں کا رخ کریں۔

’اجڑی‘ ہوئی مویشی منڈیوں میں زیادہ تر اب وہ افراد نظر آرہے ہیں جو گوشت کا کاروبار کرتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ وہ نہایت ہی ارزاں نرخوں پر جانوروں کی خریداری کرلیں تا کہ بعد میں مہنگے داموں گوشت فروخت کرکے زیادہ منافع کمایا جاسکے۔

عیدالاضحیٰ کی آمد سے قبل بچھیا کے گوشت کی قیمت میں 60 سے 75 روپے اور بکرے کے گوشت کی قیمت میں 100 سے 120 روپے فی کلو تک اضافہ کردیا گیا تھا۔

عیدالفطر سے قبل بھی اسی طرح رمضان المبارک میں گوشت کی قیمتیں بڑھائی گئی تھیں۔ انتظامیہ حسب معمول خاموش تماشائی بنی ہوئی تھی اور ہے۔

قربانی کا گوشت عزیز و اقارب میں تقسیم کرنے کے علاوہ مستحق افراد کو بھی دے کر انہیں خوشیوں میں شریک کیا جارہا ہے اور متعدد افراد گوشت اپنی اپنی گاڑیوں میں ازخود لے کر ان بستیوں کا رخ کررہے ہیں جہاں کےمتعلق انہیں علم ہے کہ وہاں قربانی نہیں ہوئی ہے۔

سرکاری اعلانات کے باوجود یہ اطلاعات بھی مل رہی ہیں کہ جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لیے وہ مستعدی دکھائی نہیں دے رہی ہے جو درکار ہے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں تعفن پھیلنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

قربانی کے جانوروں کے گوشت سے گھروں میں طرح طرح کے پکوان پکائے جارہے ہیں اور لوگ ایک دوسرے کو مبارکباد دینے بھی آ جا رہے ہیں۔

ملک کے مختلف شہروں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لوگوں کی بڑی تعداد تفریحی مقامات کا رخ  کررہی ہے جہاں پکوانوں سے لطف اندوز ہوا جارہا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈاکٹروں کا اس موقع پر اہل وطن کے لیے مشورہ ہے کہ گوشت کھانے میں اعتدال کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں وگرنہ نقصان کا بھی احتمال ہے۔

 


متعلقہ خبریں