آزاد کشمیر میں ضمنی انتخاب آج ہو گا

فوٹو: فائل


مظفر آباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے-18 پونچھ سدھنوتی 2 میں ضمنی انتخاب آج ہو گا۔ پولنگ کے لئے 131 پولنگ سٹیشنوں میں 246 پولنگ بوتھس بنائے گئے ہیں۔

ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوگا اور شام پانچ بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ انتخاب والے دن اسلحے کی نمائش پر پابندی ہو گی۔

قواعد و ضوابط کے مطابق پولنگ اسٹیشن سے چار سو گز کی حدود میں کسی ووٹر کو ترغیب دینے کی اجازت نہیں ہوگی۔

الیکشن قواعد کے تحت ہر ووٹر شناختی کارڈ پر ووٹ پول کر سکے گا۔ حلقے میں ووٹرز کی کل تعداد 75202 ہے۔ ووٹرز میں خواتین ووٹرز کی تعداد 33544 جب کہ مرد ووٹرز کی تعداد 41658 ہے۔

ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر امیدوار سابق اسپیکر اسمبلی سردار غلام صادق ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سردار سوار خان انتخابی میدان میں ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر امیدوار عامر الطاف انتخابات میں امیدوار ہیں۔ مسلم کانفرنس کے ٹکٹ پر سردار کاشان مسعود امیدوار ہیں۔

حلقہ ایل اے- 18 پونچھ 2 کی نشست خان بہادر خان کی وفات سے خالی ہوئی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت خالی ہونے والی نشست پر 60 دن میں انتخابات کرانا لازمی ہیں۔


متعلقہ خبریں