ضمنی انتخابات: تحریک انصاف قومی اور ایک صوبائی نشست پر کامیاب


کراچی: ضمنی انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 کراچی، صوبائی حلقہ پی ایس 111 کراچی، صوبائی حلقہ پی کے 71  پشاور اور آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 18 کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

حلقہ ایل اے 18 آزادکشمیر

آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 18 کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سردار عامر الطاف 20174 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں۔  پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار غلام صادق 14376 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر جب کہ پی ٹی آئی کے سردار سوار خان 3180 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

مسلم کانفرنس کےسردار کاشان مسعود 3178 ووٹ لے کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سردار نظام خان نے 1339 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

حلقہ این اے 247 کراچی

حلقہ این اے 247 کراچی کے 240 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے آفتاب صدیقی 32456 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے صادق افتخار 14026 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے پیپلز پارٹی کے قیصر خان نظامانی 13360 ووٹ حاصل کر سکے۔

حلقہ پی ایس 111 کراچی

کراچی کے صوبائی حلقہ پی ایس 111 کے 80 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شہزاد قریشی کو برتری حاصل ہے۔ حکمران جماعت کے امیدوار نے 12455 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

پی ایس 111 سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے جہانزیب مغل 2217 اور آذاد امیدوار جبران ناصر 1291 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ پی کے 71 پشاور

پشاور کے حلقہ پی کے 71 کے 86  پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما  کے صلاح الدین 11224 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کےذوالفقارخان 9755 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اے این پی رہنما صلاح الدین تحریک انصاف کا حصہ رہے ہیں، تاہم کچھ اختلافات کی وجہ انہوں نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔

ضمنی انتخابات

ضمنی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں  ایک قومی اور دو صوبائی حلقوں میں فوج کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دیے گئے، اطلاعات کے مطابق کراچی کے حلقے این اے 247 میں ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا۔

این اے  247 کراچی کی نشست صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خالی کی تھی۔ پی ایس 111 گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خالی کی تھی۔

پشاور میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 71 کی نشست گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے عہدہ سنبھالنے کے بعد چھوڑی تھی۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے الزام لگایا ہے کہ پولنگ اسٹیشن 128 سے پی پی پی کے پولنگ ایجنٹ کو باہر نکال دیا گیا ہے اور پولنگ ایجنٹ کے سامنے گنتی تک نہیں کی گئی۔

وقار مہدی کا کہنا ہے کہ دوسرے پولنگ اسٹیشنز پر بھی ایسی شکایت موصول ہوئیں۔

 


متعلقہ خبریں