سرفراز کا نیوزی لینڈ کیخلاف ٹیسٹ میں شاہین آفریدی کو نہ کھلانے کا اشارہ


پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ کل ابوظہبی میں کھیلا جائے گا، پاکستان کی بولنگ کو مزید مضبوط کرنے کی غرض سے نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے تاہم قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ان کو کیویز کے خلاف پہلا ٹیسٹ نہ کھلانے کا اشارہ دے دیا۔

ابوظہبی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ون ڈے سیریز میں پاکستان ٹیم اچھی فارم میں نظر آئی لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں کیویز کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑی تو شاہین آفریدی کو ضرور آزمائیں گے، مہمان اسکواڈ اس فارمیٹ میں کافی مضبوط ہے، خاص طور پر بولنگ بہت اچھی ہے، ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی تجربہ کار ہیں، ہمیں ان کو بہتر انداز میں کھیلنے کے لئے محنت کرنا ہوگی۔

سرفراز احمد نے کہا کہ یاسر شاہ بھی کینگروز کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں ردھم میں آ گئے تھے، کیویز کے خلاف بھی ہمارا ٹرمپ کارڈ ہوں گے، حارث سہیل نے ون ڈے میں اچھی فارم کی جھلک دکھلائی، ٹیسٹ میچز میں بھی ان سے اچھی کارکردگی کی امیدیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلال آصف بھی اس فارمیٹ کا تجربہ حاصل کرتے جا رہے ہیں، اسپنر سے اچھی کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں، کنڈیشنز ہمارے لئے زیادہ سازگار ہیں لیکن حریف کی قوت کو نظر انداز نہیں کرسکتے، پیسر محمد عباس کی کارکردگی میں تسلسل کا پاکستان ٹیم کو فائدہ ہوگا۔


متعلقہ خبریں