پی ایس ایل کے ہیرو آسٹریلیا کے خلاف فلاپ، سیریز کینگروز کے نام


ابو ظہبی: تیسرے ایک روزہ میچ میں شکست دے کر آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کرلی۔

ابوظہبی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کے تیسرے میچ میں آسٹریلیا نے جیت کے لیے پاکستان کو 267 رنزکا ہدف دے دیا۔

پاکستانی گیند بازوں نے ابتدائی اوورز میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 20 رنز پر دو بلے بازوں کا آؤٹ کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلین فاسٹ باؤلر رچرڈسن زخمی، سیریز سے باہر

تاہم اس کے بعد ہیڈسکومب اور ایرون فنچ نے اننگز کو سہارا دیا اور 84 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔

پاکستانی اسپن گیند بازوں نے اننگز کے درمیانی حصے میں آسٹریلوی بلے بازوں کو کھل کر بیٹنگ نہیں کرنے دی۔ ایرون فنچ 90 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اس طرح وہ پاکستان کے خلاف لگاتار تیسری سنچری اسکور نہ کرسکے۔

اختتامی اوورز میں گلین میکسویل کی جارحانہ 71 رنز کی اننگز کی بدولت آسٹریلوی مہمان ٹیم 266 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری، یاسر شاہ، عماد وسیم، حارث سہیل اور جنید خان ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

جواب میں پاکستانی بلے باز آسٹریلوی بولرز کا سامنا نہ کرسکے اور پوری ٹیم 45ویں اوور میں 186 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی اور اس طرح آسٹریلیا میچ میں 80 رنز سے کامیاب ہوگیا۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق 46 اور عماد وسیم 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کپتان شعیب ملک اور عمر اکمل نے بدستور 32 اور 36 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر کمنز نے تین، ایڈم زیمپا نے چار جبکہ بیرنڈورف، نیتھن لائن اور گلین میکسویل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پیٹ کمنز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ فتح کے ساتھ آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی سیریزمیں ناقابل تسخیر 0-3 کی برتری حاصل کرلی ہے۔

 


متعلقہ خبریں