پی سی بی کے بعد ہاکی فیڈریشن میں بھی تبدیلی

پی سی بی کے بعد ہاکی فیڈریشن میں بھی تبدیلی کا امکان


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے سربراہ نجم سیٹھی کے عہدہ چھوڑنے کے بعد اب پاکستان ہاکی فیڈِریشن  (پی ایچ ایف)  کے صدر اور سیکرٹری کی چھٹی ہونے کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  سابق اولمپئنز کی بڑی تعداد صدر پی ایچ ایف بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر اور سیکرٹری شہباز احمد سینئر کے خلاف حقائق نامہ تیار کرنے میں مصروف ہے جس میں من پسند افراد کو نوازنے، فنڈز کے بے دریغ استعمال اور ضوابط سے ہٹ کر اہم عہدوں پر تعیناتیوں کا ذکر ہو گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز سینئر نے پی ایچ ایف میں فنانس کے معاملات اپنے قریبی عزیز عدنان شاہد کے سپرد کر رکھے ہیں، موجودہ فیڈریشن نے اپنے دور میں ایک مرتبہ بھی کانگریس یا ایگزیکٹو بورڈ سے بجٹ کی باضابطہ منظوری نہیں لی، اسی طرح صدر پی ایچ ایف نے لاہور میں ڈائریکٹر ایڈمن کی تعیناتی بھی طریقہ کار سے ہٹ کر کی ہے۔

سابق اولمپئنز کا کہنا ہے کہ صدر اور سیکرٹری نے الگ الگ میڈیا منیجرز تعینات کررکھے ہیں، فلائنگ ہارس سمیع اللہ وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات میں ان کو ہاکی کی ابتر صورتحال سے آ گاہ کریں گے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ انڈونیشیا میں جاری ایشین گیمز کے بعد پی ایچ ایف میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں ہوں گی۔


متعلقہ خبریں