آسٹریلوی کھلاڑیوں نے شکست کا ملبہ امپائر پر ڈال دیا

آسٹریلوی کھلاڑیوں نے شکست کا ملبہ امپائر پر ڈال دیا | urduhumnews.wpengine.com

دبئی: پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں اوپنر ڈارسی شارٹ کا متنازع رن آؤٹ آسٹریلوی ٹیم کی ناراضی کا باعث بن گیا۔

تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران پاکستان کے 148 رنز کے جواب میں مہمان ٹیم نے نپے تلے انداز میں بیٹنگ شروع کی تو 11 کے مجموعی اسکور پر شارٹ تھرڈ امپائر کے فیصلے کا شکار ہوگئے۔

آسٹریلوی ٹیم انتظامیہ اور شارٹ سمجھتے ہیں کہ گیند جس وقت وکٹ پر لگی وہ بیٹ کریز میں رکھ چکے تھے، لیکن تھرڈ امپائر کا خیال تھا کہ ڈارسی شارٹ کا بلا ہوا میں تھا، اسی بنیاد پر انہیں آوٹ دیا گیا۔

کینگروز کے کپتان ایرون فنچ ویڈیو ری پلے دیکھنے کے بعد پر اعتماد ہیں کہ شارٹ اپنا بلا رکھ چکے تھے جبکہ خود شارٹ بھی یہی سمجھتےہیں۔

مڈل آرڈر بیٹسمین گلین میکس ویل نے میچ کے بعد رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے اسی بات پر زور دیا۔

انہوں نے کہا “ہم نے ویڈیو ری پلے دیکھا ہے، ہماری پوری ٹیم اور انتظامیہ اس بات پر متفق ہے کہ شارٹ گیند وکٹ پر لگنے سے قبل اپنا بلا کریز میں رکھ چکے تھے، ہو سکتا ہے تھرڈ امپائر سے غلط بٹن دب گیا ہو، آخر غلطیاں تو سب ہی کرتے ہیں۔”

ان کی وکٹ گرنے کے بعد کینگروز نے یکے بعد دیگرے 5 وکٹیں گنوا دیں، جس سے رن بنانے کی رفتار کم ہوگئی۔

گلین میکس ویل اور نیتھن کولٹر نائل نے آخری اوورز میں جارحانہ بلے بازی کی مگر کامیاب نہ ہو سکے اور صرف 11 رنز کے فرق سے میچ ہار گئے۔

سیریز کی مسلسل دوسری شکست کے باعث آسٹریلیا کے سیریز جیتنے کا خواب بھی چکنا چور ہوگیا۔

ٹی ٹوینٹی سیریز کا آخری میچ اتوار کے روز دبئی میں کھیلا جائے گا، سیریز میں پاکستان کو 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے۔


متعلقہ خبریں