مقبوضہ کشمیر: بھارت ہٹ دھرمی پر اتر آیا

چین اور روس نے بھارت پر دباؤ ڈالنا شروع کر دیا، بھارتی صحافی کا انکشاف

فوٹو: فائل


پہلے امریکہ کی ثالثی کی پیشکش کو مسترد کیا اور اب بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وادی میں مزید دس ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

بھارت نے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مودی سرکار نے جموں و کشمیر میں فوری طور پر فوج کی مزید 100 کمپنیاں روانہ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وادی میں انٹیلی جنس کو مضبوط کرنے کیلئے فورسز کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں سی آر پی ایف کی 50 کمپنیاں، بی ایس ایف کی 10، ایس ایس بی کی 30 اور آئی ٹی بی کی 10 کمپنیاں شامل ہیں۔

یہ احکامات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس پیشکش کے بعد جاری کیے گئے ہیں جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اس تنازع پر ثالثی کے لیے تیار ہیں۔

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم میں بھی کمی نہیں آئی، بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں میں سرچ آپریشن کی آڑ میں دو کشمیریوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا ہے۔

نوجوانوں کی شہادت کے بعد علاقے میں غیراعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں