بھارت: 27 سالہ ڈاکٹر کے ریپ و قتل میں ملوث ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک

بھارت: 27 سالہ ڈاکٹر کے ریپ و قتل میں ملوث ملزمان پولیس مقابلے میں ہلاک

نئی دہلی: بھارتی پولیس نے نوجوان ڈاکٹر کے ریپ و قتل میں ملوث چار ملزمان کو انکاؤنٹر کے دوران فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس جمعہ کی صبح چاروں ملزمان کو جائے وقوعہ کی جانب لے کر جا رہی تھی کہ اس دوران ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے فائرنگ کر کے انہیں ہلاک کر دیا۔

اس ضمن میں شمشا آباد پولیس کے ڈپٹی کمشنر پرکاش ریڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جمعہ کی صبح پولیس ملزمان کو جائے وقوعہ کی جانب لے کر جا رہی تھی کہ اس دوران انہوں نے پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چیھننے کی کوشش میں دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس مقابلے کے دوران چاروں ملزمان موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

دوسری جانب ملزمان کے ہلاک ہونے کی خبر سن کر متاثرہ خاندان نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

مقتولہ کے والد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا ہےکہ میری بیٹی کی وفات کو دس دن گزر گئے ہیں، میں پولیس اور حکومت کا شکر گزار ہوں، ملزمان کی ہلاکت کے بعد میری بیٹی کی روح کو سکون مل گیا ہے۔

یاد رہے گزشتہ ماہ 27 نومبر کوبھارت کی جنوبی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں جانوروں کی ایک 27 سالہ ڈاکٹر کے ساتھ مبینہ گینگ ریپ کے بعد انھیں زندہ جلانے کا واقعہ سامنے آیا تھا جس پر ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے کیے گئے تھے۔


متعلقہ خبریں