ایمیزون سے صارفین کا ڈیٹا چوری


نیویارک: مشہور و معروف آن لائن شاپنگ کی ویب سائٹ ’ایمیزون‘ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے صارفین کی معلومات چوری ہو گئی ہیں۔

ایمیزون کارپوریشن نے  اپنے صارفین کو بتایا ہے کہ ان کے ای میل ایڈرسز، کمپنی پالیسی کے برخلاف ایک اور کمپنی کو فراہم کر دیے گئے ہیں۔

ایمیزون کا کہنا تھا کہ واقعہ میں ملوث کمپنی ملازم کا سراغ لگا کر اسے ملازمت سے بے دخل کر دیا گیا ہے اور کمپنی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تفتیش میں پورا تعاون کر رہی ہے۔

کمپنی کا مؤقف ہے کہ جس سیلرکو یہ ڈیٹا موصول ہوا تھا اس کو بلاک کر دیا گیا ہے اور اس کے بعد کسی دوسرے صارف کی معلومات نہیں دی گئی ہیں۔

ایک امریکی جریدے نے گزشتہ ماہ اپنی رپورٹ میں لکھا تھا کہ ایمیزون کے کچھ ملازمین کو بعض سیلرز کی جانب سے رقم کے عوض مختلف معلومات بشمول صارفین کے ای میل ایڈرسز فراہم کرنے کی پیشکش ہوئی ہے۔

امیریکی جریدے کی رپورٹ پرایمیزون کا کہنا تھا کہ وہ واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں اور کمپنی  قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی تاہم یہ ابھی تک نہیں بتایا گیا ہے کہ جمعہ کو ہونے والے انکشافات اسی تحقیق کا نتیجہ ہیں یا نہیں؟

اس سے قبل بھی متعدد بین الاقوامی ویب سائٹس کے ڈیٹا چوری ہونے کی خبریں منظرعام پر آتی رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں