سدھوکا پاکستان سے مذاکرات کی حمایت میں کھلا خط

نجوت سنگ سدھو پاکستان پہنچ گئے | urduhumnews.wpengine.com

ناموربھارتی کرکٹرو سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے پاکستان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کر دی ہے ۔ نوجوت سنگھ سدھو نے اس حوالے سےآج ایک کھلا خط لکھا ہے ۔ سدھو کی طرف سے لکھے گئے کھلے خط میں کہا گیاہے کہ خوف سے صرف خوف پیدا ہوتا ہے، مذاکرات کا خوف، بات چیت کا خوف، خوف ایک تاریک کمرہ ہے جس میں منفی سوچ پروان چڑھتی ہے۔

نوجوت سدھو نے کہا دوسروں کے بارے میں منفی سوچ سے بھارت محفوظ نہیں ہوسکتا،چند افراد کے فعل کا کسی قوم کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا ،بات چیت اور سفارتی دباو سے ہی دیرپا امن قائم کیا جا سکتا ہے ،دہشت گردی کا حل امن اور ترقی ہے ، بےروزگاری اور خوف نہیں ۔

دہشت گردی کا حل امن اور ترقی ہے ، بےروزگاری اور خوف نہیں ، سدھو

بھارتی سیاستدان نوجوت سنگھ سدھو نے لکھا کہ میں خوف پھیلانے اور سوشل میڈیا پر ٹرول کرنے والوں کے خلاف کھڑا ہوں ،ہم خوف کے مقابلے میں جرات کا انتخاب کر سکتے ہیں ۔ امن کی بات کرنے پر نوجوت سنگھ سدھو پر بھارتی میڈیا کے نشانے پر رہے ہیں۔

پلوامہ واقعہ کے فوری بعد نوجوت سنگھ سدھو جو بھارتی پنجاب میں وزیر اور کانگریس کے رکن بھی ہیں کی جانب سے منظر عام پر آنے والے بیان کو بنیاد بنا کرانتہاپسند ہندوؤں کی جانب سے باقاعدہ پروپیگنڈہ مہم شروع کی گئی تھی۔ کہا گیا تھا کہ اگر کپل شرما شو سے سدھو کو علیحدہ نہ کیا گیا تو شو کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا ۔جس کے بعد کہا جاتا ہے کہ ٹی وی چینل انتظامیہ نے پروڈکشن ہاؤس کو احکامات دیے کہ سدھو کو شو سے فی الفورعلیحدہ کردیا جائے۔

کپل شرما شو کے متعلق بھارتی ذرائع ابلاغ ہی میں گزشتہ دنوں یہ خبر بھی آئی تھی کہ چونکہ کامیڈین کپل شرما کے رویے اورساتھی فنکاروں سے ناچاقی کے باعث کوئی بھی پروڈیوسر فنانس کرنے پرآمادہ نہیں تھا تو بالی ووڈ کے اسٹار اداکار سلمان خان نے شو دوبارہ شروع کرنے کا بیڑا اٹھایا تھا۔

سلمان خان کی شرکت کے باوجود جب بھارت میں سب سے زیادہ ریٹنگ لینے والا کپل شرما شو ایک مرتبہ پھرشروع ہوا تو اس میں چار اہم اوربنیادی نوعیت کے کردار ادا کرنے والے فنکاروں نے شمولیت اختیار نہیں کی جس کی وجہ سے مداحوں کو کافی مایوسی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیے سدھو،ثانیہ اور کمل ہاسن انتہاپسندوں کے نشانے پر: کپل شرما داؤ پر

بھارتی ذرائع ابلاغ میں اب یہ اطلاعات زیرگردش ہیں کہ نوجوت سنگھ سدھو کو کپل شرما شو سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان نے ہی کیا تھا۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق سلمان خان، کپل شرما شو کے فنانسر گردانے جاتے ہیں۔ عملاً یہ شو سلمان خان کے پروڈکشن ہاؤس ’ایس کے ایف‘ اور کپل شرما کے پروڈکشن ہاؤس ’کے نائن‘ سے مشترکہ طور پر ریلیز کیا جاتا ہے۔

کپل شرما شو کے دوبارہ شروع ہونے پر بالی ووڈ کے جب ان اسٹارز نے شرکت کی جو ماضی میں کبھی شو کا حصہ نہیں بنے تھے تو اس کی بڑی وجہ بھی سلمان خان کو ہی قرار دیا گیا۔


متعلقہ خبریں