مری میں برفباری،اسلام آباد میں بارش،سردی میں اضافہ

فائل فوٹو۔–


مری/اسلام آباد: ملکہ کوہسار مری  شہر اور گردونواح میں ہلکی برفباری کا سلسلہ جاری ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

نمائندہ ہم نیوز کے مطابق مری میں 2019 کے پہلے روز  پہلی برف باری ہوئی ہے۔ برف باری کے باعث مال روڈ پر سیاحوں کا رش بڑھ گیا ہے۔

اسلام آباد کے علاوہ  ساہیوال شہر اور گردونواح میں ہلکی بارش ہوئی جس کے بعد  ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ اسی طرح  میانوالی کے علاقے کندیاں چشمہ، عارف والا اور گردونواح میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ  ہوگیا۔

چیچہ وطنی میں بوندا باندی گردونواح میں ہلکی ہلکی بوندا باندی ہوئی۔ ضلع باجوڑ اور گرد و نواح میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ فیصل آباد میں بھی شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی جبکہ پاراچنار اور گرد ونواح میں بھی بارش ہوئی ہے۔

بارش کے باعث پنجاب بھر میں سردی میں اضافہ  ہوگیا ہے۔


متعلقہ خبریں