دبئی: برج خلیفہ پاکستانی جھنڈے سے سج گیا


دبئی : یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پردنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پاکسان کے قومی پرچم سے سج گئی۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارت کی جانب سے 23 مارچ کے تاریخ ساز موقع پر پاکستان اور پاکستانیوں سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے برج خلیفہ پہ قومی پرچم کی بہار آگئی۔

دبئی سے شائع ہونے والے مؤقر انگریزی اخبار ’گلف نیوز‘ نے اس حوالے سے خبر و تصویر شائع کرنے کے علاوہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر وڈیو بھی جاری کی۔

 

خبررساں ادارے کے مطابق برج خلیفہ عمارت کے درمیان میں پاکستانی پرچم میں موجود چاند ستارہ بھی بنا ہوا دکھائی دے رہا تھا اوراپنی دلکشی سے سامعین پہ سحر طاری کررہا تھا۔

برج خلیفہ کے سحر کو دیکھنے کے لیے پاکستانیوں کے علاوہ وہاں دیگر ممالک کے لوگوں کا بھی جمگھٹا لگا ہوا تھا۔ اس موقع پر موجود پاکستانیوں نے یہ منظر دیکھ کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے تو کئی غیرملکیوں نے اظہار یکجہتی کے لیے ان کا ساتھ دیا۔

دبئی کا برج خلیفہ وزیر اعظم نیوزی لینڈ جسینڈا آرڈن کی تصویر سے بھی جگمگا اٹھا۔ عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق متحدہ عرب امارات نے برج خلیفہ پر جیسنڈا آرڈرن کی تصویر آویزاں کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد سے پوری دنیا میں جیسنڈا آرڈن کی قیادت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جارہا ہے۔

دلچسپ امر ہے کہ ترقی پذیر ممالک کی عوام کے ساتھ ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ ترقی یافتہ کہلائے جانے والے ملک امریکہ میں بھی لوگوں نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ کاش! انہیں بھی نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسی باہمت، انسان دوست اورہمدرد قیادت میسر آئے۔

عوام الناس کی خواہش کو پیش نظر رکھتے ہوئے مؤقر امریکی اخبارات واشنگٹن پوسٹ اورنیویارک ٹائمز نے گزشتہ روز کے اپنے اداریوں میں اس خواہش کا اظہارکیا کہ امریکہ کو بھی جیسنڈرا آرڈن جیسی قیادت مل جائے۔

سانحہ کرائسٹ چرچ کے بعد پوری دنیا کے ذرائع ابلاغ نے بلاامتیاز اپنی قیادتوں کو یہ مشورہ ضرور دیا کہ وہ اگر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈن نہیں بن سکتے تو کم از کم ان کے نقش قدم پر ہی چل لیں۔

دبئی میں واقع دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پرنیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی تصویر اس طرح لگائی گئی کہ وہ ایک متاثرہ خاتون کو گلے لگائے ہوئے دکھائی دے رہی ہیں۔

انسان دوستی کی اس تصویر نے وہاں موجود تمام افراد کی آنکھیں نمناک کردیں۔

دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المختوم نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا ہے۔

شیخ محمد بن راشد المختوم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈن کے خلوص، ہمدردی اور تعاون نے مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں۔

اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سے تشکر کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور وزیراعظم جسینڈا آرڈن کے خلوص، ہمدردی اور تعاون نے مسلمانوں کے دل جیت لیے ہیں۔


متعلقہ خبریں