عمران خان کےساتھ راہول یا ریحام؟

عمران خان کےساتھ راہول یا ریحام؟

فائل فوٹو


اسلام آباد: بھارت میں سوشل میڈیا پر ایک تصویر کو متعدد بار شیئر کیا گیا ہے جس میں کانگریس پارٹی کے رہنما راہول گاندھی اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان ایک ساتھ بیٹھ کرکھانا کھا رہے ہیں۔

بھارت میں یہ تصویر 2 مئی کے بعد وائرل ہوئی تھی جس پر ہندی میں کیپشن دیا گیا تھا کہ دیکھیں عمران خان کے ساتھ بیٹھ کر کون چکن بریانی کھا رہا ہے۔

تصویر کو اس مہارت سے ایڈٹ کیا گیا ہے کہ پہلی نظر میں اس کی حقیقت جاننا مشکل ہے لیکن اگر غور سے دیکھا جائے تو تصویر کے جعلی ہونے کا پتہ چل جائے گا۔

ذرا سا غور کرنے پر آپ دیکھ سکتے ہیں کہ راہول گاندھی کے بائیں ہاتھ کے اوپر ایک اور ہاتھ نظر آرہا ہے  جس کا رنگ ان کے ہاتھ سے مختلف ہے۔

درحقیقت یہ دو تصاویر کو ملانے کی کوشش کی گئی ہے۔ کانگریس پارٹی کے رہنما کی تصویر 2015 میں ٹوئٹر پر شیئر کی گئی جس  کو پاکستانی وزیراعظم کی تصویر سے جوڑا گیا ہے۔

ایک اور تصویر جو بھارت میں سوشل میڈیا پر بہت گردش کر رہی ہے وہ عمران خان اور نریندر مودی کی ہے جس میں دونوں ہم منصب ساتھ بیٹھ کر کھانا کھا رہے ہیں۔

اس تصویر کو بھی بھارتی سوشل میڈیا صارفین اصلی سمجھ کر شیئر کررہے ہیں۔ مذکورہ تصویر میں ذرا سا غور کرنے پر دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کا بائیاں بازو کھانے والے کنستر میں ہے۔

اصل تصویر کونسی ہے؟

درحقیقت عمران خان اور کھانے والی میز کی تصویر اصل ہے اور عمران خان کے ساتھ والے کرسی پر بیٹھے لوگوں کو تبدیل کیا گیا ہے۔ اصل تصویر میں عمران خان کے ساتھ ان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کھانا کھا رہی ہیں۔

یہ تصویر 2015 کی ہے جب عمران خان پاکستان کے وزیراعظم  منتخب نہیں ہوئے تھے اور ریحام خان ان کی اہلیہ تھیں۔


متعلقہ خبریں