ورلڈ کپ میں کئی ریکارڈ بنے، کئی ٹوٹے


لندن: ورلڈ کپ 2019 انگلینڈ کی فتح کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ اس شاندار ٹورنامنٹ میں کئی ریکارڈز بنے اور ٹوٹے۔

میگا ایونٹ میں سب سے بڑا مجموعہ 397 انگلینڈ نے افغانستان کے خلاف بنایا اور عالمی کپ کے سب سے بڑے مارجن 150 رنز سے افغان ٹیم کو شکست دی۔

وکٹوں کے لحاظ سے نیوزی لینڈ نے میگا ایونٹ کی سب سے بڑی جیت اس وقت حاصل کی جب کیویز نے سری لنکا کو دس وکٹوں سے ہرایا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی پوری ٹیم 105 رنز پر ڈھیر ہو گئی جو میگا ایونٹ کا سب سے کم ٹوٹل اسکور ہے۔

پاکستانی مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم تیز ترین 3000 رنز بنانے والے دوسرے اور پاکستان کے پہلے بلے باز بن گئے۔

آٹھ اننگز میں 474 رنز بنا کر بابر اعظم ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے پاکستانی بلے باز بن گئے۔

2019 کے ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رنز بھارتی بلے باز روہت شرما نے بنائے۔

انہوں نے نو اننگز میں 648 رنز اسکور کیے۔ بھارتی اوپنر ورلڈ کپ میں پانچ سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹسمین ہیں۔

آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے بنگلہ دیش کے خلاف 147 گیندوں پر 166 رنز بنائے اور اس ورلڈ کپ میں ایک اننگ میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے بیٹسمین بن گئے۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ کو ہراکر انگلینڈ نیا عالمی چیمپئن بن گیا

عالمی کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں آسٹریلوی بولر مچل اسٹارک نے حاصل کیں، انہوں نے 27 وکٹیں حاصل کر کے کسی بھی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بنا دیا ہے۔

پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے بنگلہ دیش کے خلاف نو اشاریہ ایک اوور میں 35 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں جو میگا ایونٹ کا بیسٹ باولنگ فگر ہے۔

ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ میڈن اوورز بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمرا نے کرائے، انہوں نے نو اننگز میں نو میڈن کرائے۔

میگا ایونٹ میں صرف دو ہیٹ ٹرکس ہی ہو سکیں۔ بھارتی بولر محمد شامی نے افغانستان کے خلاف اور کیوی بولر ٹرینٹ بولٹ نے آسٹریلیا کے خلاف ہیٹ ٹرک کی۔


متعلقہ خبریں