پی ٹی آئی حکومت اپنے لیے گڑھا کھود رہی ہے، سراج الحق

فوٹو: فائل


رحیم یار خان: سینیٹر اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت اپنے لیے گڑھا خود کھود رہی ہے اور جلد اس میں گر جائے گی۔

وہ رحیم یار خان میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیر مارچ کے حوالے سے ریلی سے خطاب کررہے تھے۔

کشمیر مارچ ریلی ٹاؤن ہال سے ریلوے چوک تک نکالی گئی جس میں کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اپنے خطاب میں سراج الحق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر کے معاملے میں ناکامی پی ٹی آئی کو لے ڈوبے گی۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو گفتار کی بجائے کردار کے غازیوں کی ضرورت ہے، ریاست مدینہ کے دعویدار عوام کو تحفظ دینے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عصمت دری کے واقعات آئے دن ہو رہے ہیں اور خواتین کی عزت محفوظ نہیں رہی، حکمران سیرت رسول ﷺ پر عمل پیرا ہوکر ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے کشمیریوں کو مایوس کیا ہے، وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اقوام متحدہ سے واپسی پر ایک روڈ میپ دونگا تاہم جب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہاتھ ملایا ہے خاموش ہوگئے ہیں۔

جماعت اسلامی کے امیر نے کہا کہ جب سے پی ٹی آئی حکومت آئی ہے بھارتی وزیراعظإ نریندر مودی شیر بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے کشمیر کے معاملے پر خاموشی نے مایوس کیا ہے، ہمیں دہشت گردی کی طرح کشمیر پر بھی ایکشن پلان بنانا ہوگا اور ایک صفحے پر آنا ہوگا۔

سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کو سرد خانے میں ڈال کر نظریہ پاکستان سے غداری کی جارہی ہے۔


متعلقہ خبریں