دھیلے کی کرپشن بے نقاب ہو چکی ہے، فردوس عاشق اعوان


گوجرانوالہ: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ دھیلے کی کرپشن بے نقاب ہو چکی ہے۔ شہباز شریف بتائیں مسرور انور اور شعیب قمر سے ان کا رشتہ کیا ہے ؟

وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان سے بغض میں ن لیگی ایک سال کا حساب مانگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لیگی ترجمانوں نے 18 سوالات کے جواب نہیں دیے۔ سلمان شہباز، حسن نواز، حسین نواز، علی عمران اور اسحاق ڈار کا ہاتھ پکڑ کر پاکستان آئیں اور عدالتوں میں ہمیں جھوٹا ثابت کریں لیکن اگر 18 سوالوں کا جواب نہیں دیں گے تواس کا مطلب آپ کے پاس کچھ نہیں ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ سندھ کے سیاسی نابالغ آج بیان دے رہے تھے۔ جن کے دامن بدبودار ہیں وہ وزیر اعظم عمران خان پرانگلیاں اٹھا رہے ہیں۔ ماضی میں کیمپ آفسز کو منی لانڈرنگ کا ذریعہ بنایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف متعدد مقدمات چل رہے ہیں۔ منی لانڈرنگ کا پیسہ ٹی ٹیز کے ذریعے بیرون ملک بھیجا گیا۔ قانون کا تقاضا ہے کہ مجرم قوم کو جواب دیں لیکن یہاں تو ڈھٹائی، بےشرمی میں پی ایچ ڈی کرنے والے ہم سے پوچھ رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دھیلے کی کرپشن بے نقاب ہو چکی ہے۔ ماضی میں کیش بوائز کو سرکاری نوکریاں دی گئیں۔ شہبا ز شریف بتائیں مسرور انور اور شعیب قمر سے ان کا رشتہ کیا ہے ؟ کرپشن کی عجب کہانیاں شہباز شریف کا پیچھا کرتی رہیں گی۔


متعلقہ خبریں