دین اور عقیدے پر بلکل سمجھوتہ نہیں کرسکتے، اسد قیصر


صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ دین اور اپنے عقیدے کے معاملے پر ذرہ بھر بھی سمجھوتہ نہیں کرسکتے ہیں۔

ضلع صوابی کے گاؤں کنڈاؤ گاؤں میں جھنڈا پابینی میں 81 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑک کے افتتاح کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دین کے لیے جان ومال کی قربانی بھی دینے کے لیے حاضر ہوں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے وطن عزیز کو مدینے کی ریاست کے طرز پر فلاحی راست بنانے کے لیے آوازاٹھائی ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کے لیے عملی اقدامات بھی اٹھا رہی ہے۔ موجودہ  وفاقی حکومت اپنے وژن کی تکمیل کی جانب کامیابی سے رواں دواں ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے حکومت دن رات محنت کر رہی ہے۔ وطن عزیز کو اگرترقی کی راہ  پر نہ ڈال سکے،عوام کے مسائل حل نہ کرسکے، کمیشن اور بدعنوانی کا راستہ نہ روک سکیں تو پھرعوام کا ہاتھ  اور ہمارا گریبان  ہوگا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کنڈاؤ گاؤں میں کالج کے قیام کیلئے بہت جلد سروے ٹیم آجائیگی، جبکہ کنڈاؤ کیلئے الگ فیڈر بھی جلد شروع ہوجائےگا جس سے اوورلوڈنگ کا مسئلہ مستقل بنیادوں پرحل ہوجائےگا۔

اسد قیصر نے کہا کہ ضلع صوابی کے گاؤں بوکو،جھنڈا اور کنڈاؤ میں جہاں ٹیوب ویلز کی ضرورت ہوگی وہاں پر ٹیوب ویل لگائیں جائیں گے، تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی دستیاب ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ صوابی کی ترقی کیلئے بھرپوراقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ صوابی کے لیے برہان میں 220 کلوواٹ کے گرڈ اسسٹیشن کی تکمیل سے آئندہ 100 سال تک ضلعے میں بجلی کا مسئلہ نہیں ہوگا۔

اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اسی طرح غازی بھروتھہ کے متاثرین کیلئے بھی اسکیم منظورکردی گئی ہے جس  کے لیے کنسلٹنٹ ہائیر کیا گیا ہے، ان تمام اسکیموں پر بھی برق رفتاری سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوابی میں بہت جلد وویمن اینڈ چلڈرن اسپتال بھی جلد قائم کیا جائے گا۔ صوابی کی تمام محرومیوں کا ازالہ موجودہ حکومت کے دور میں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مانتے ہیں کہ مشکلات ہیں مگران حالات کی ذمہ دار سابقہ حکومتیں ہیں، جنہوں نے عوامی مسائل اور ملکی مفاد کے بجائے ذاتی مفاد کوترجیح دی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمیں معیشت خستہ حال ملی تھی، مگر الحمداللہ موجود حکومت کی بہترین پالیسیوں اور وزیراعظم عمران خان کی سیاسی بصیرت کی بدولت اب معیشت سنبھل گئی ہیں۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ 35 سال سے معیشت کی ترقی کے لیے اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ پاکستان کے تمام ادارے خسارے کا سامنا کررہے تھے، لیکن اب انشاء اللہ ان اداروں میں اصلاحات کر کے منافع بخش ادارے بنارہے ہیں۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کسانوں کی فلاح وبہبود اور زراعت کی ترقی کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں