آرمی ایکٹ پر قائد حزب اختلاف نے اعتماد میں نہیں لیا، سینیٹر سراج الحق

فوٹو: فائل


لوئر دیر: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ کے حوالے سے قائد حزب اختلاف نے اعتماد میں نہیں لیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے تیمرگرہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی آرمی ایکٹ کی حمایت کو مناسب خیال نہیں کرتی اور آرمی ایکٹ کے حوالے سے قائد حزب اختلاف نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ جن سے گھر سنبھالا نہیں جا رہا انہیں ملک کا اقتدار اعلی سونپا گیا ہے۔ اسی لیے سلیکٹڈ حکمرانوں کو لانے والی قوتیں بھی آج اپنے فیصلے پر پشیمان ہیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ مہنگائی بیروز گاری اور ڈوبتی معیشت کے باعث غریب آدمی کا جینا دوبھر ہو گیا ہے۔ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا دعویٰ کرنے والے آج لنگر خانوں کے قیام اور مسافرخانوں کی تعمیر تک محدود ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی سے تنگ عوام جلد سڑکوں پر ہوں گے جس سے حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ ہو گا۔ ۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے 5 فروری کو ملک بھر میں میں ریلیاں، جلوس اور جلسے منعقد کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں ‘بدعنوانی کے خلاف نعرہ لگا کر آنے والی حکومت اپنے مشن سے پیچھے ہٹ گئی‘

ایران امریکہ تناؤ پر بات کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ایران امریکا تناؤ کے تناظر میں ثالث ممالک اپنا کردار ادا کریں تاکہ دنیا تیسری عالمی جنگ سے بچ سکے۔


متعلقہ خبریں