’مریضوں کو دہلیز پر معیاری طبی سہولیات فراہم کا اولین ترجیح ہے‘


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مریضوں کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

میانوالی میں واں بھچراں کے بنیادی مرکز صحت کا اچانک دورہ کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبہ میں اصلاحات کی میں خود نگرانی کررہا ہوں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ دور درازعلاقو ں میں مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ بنیادی مرکز صحت کے لیے ایمبولینس اور ضروری طبی آلات جلد فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار بغیر پیشگی اطلاع کے بنیادی مرکز صحت پہنچے تھے- انہوں نے بنیادی مرکزصحت میں مریضوں کے لیے فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا-

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور مریضوں اور ان کے تیمار داروں سے بنیادی مرکز صحت میں مہیا کی جانے والی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا-

مریضوں اور ان کے تیماردار وں نے بنیادی مرکز صحت میں فراہم کی جانے والی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ اور عملے کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بنیادی مرکز صحت میں ادویات کی فراہمی کا بھی مشاہدہ کیا-

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس بی ایچ یو میں مریضوں کا بہترین علاج ہورہا ہے۔


متعلقہ خبریں