ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا بیان خوش آئند قرار

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا بیان خوش آئند قرار

کراچی: ممتاز عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم پڑوسیوں کا احترام جانتی ہے۔ انہوں نے پاکستان کو اسلام کا قلعہ اور ایٹمی طاقت کا حامل ملک قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ملکی سرزمین کو کسی کے بھی خلاف استعمال کرنے کی کوشش کی گئی تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

خطے میں امن خراب کرنے والے عمل کا حصہ نہیں بنیں گے،ترجمان پاک فوج

ہم نیوز کے مطابق وہ مجلس وحدت مسلمین اور دیگر شیعہ تنظیموں کی جانب سے نکالی جانے والی ’امریکہ مردہ باد ریلی‘ کے شرکا سے خطاب کررہے تھے۔  احتجاجی ریلی کراچی پریس کلب سے نکالی گئی جو آئی آئی چندریگر روڈ اور ٹاورسے ہوتی ہوئی ایم ٹی خان روڈ پر پہنچی جہاں اسے بحریہ کالج کے قریب روک دیا گیا۔

ریلی کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے جو واٹرکینن سمیت دیگر ضروری سامان سے لیس ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

انتظامیہ اور پولیس افسران کا کہنا ہے کہ شرکائے ریلی سے اس ضمن میں مفاہمت ہوئی ہے کہ وہ ایک حد سے آگے نہیں بڑھیں گے اور ان کی جانب سے ایک وفد امریکی قونصلیٹ جا کر اپنی یاد داشت قونصلیٹ میں پیش کرے گا۔

ہم نیوز کے مطابق شرکائے ریلی جیسے ہی ایم ٹی خان روڈ پہ پہنچے تو وہاں منتظمین کی جانب سے باقادہ ہاتھوں کی زنجیر بنا کر دیگر کو آگے بڑھنے سے روک دیا گیا۔ شرکائے ریلی کی جانب سے اس موقع پر شدید نعرے بازی کا سلسلہ جاری ہے جب کہ ریلی کی وجہ سے اطراف کی سڑکوں پہ ٹریفک کا دباؤ غیر معمولی طور پر دکھائی دے رہا ہے۔

علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ملکی قیادت کو اس وقت جرات دکھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اسلامی غیرت کے مطابق ایران سے اظہار یکجہتی کیا جائے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری پر امن ریلی اسلام اور مسلمانوں کے مفادات کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل عالم اسلام کو ٹکڑوں کی صورت میں دیکھنے کا خواہش مند ہے۔

علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے الزام عائد کیا کہ امریکہ اسرائیل کی پشت پناہی کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی سطح پر مظلومین کے حامی ہیں اور یہی بات سفارتخانے میں جا کر بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام کا ایک بڑا نقصان ہوا ہے اور حماس نے بھی قاسم سلیمانی کو ہیرو قرار دیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق شرکائے ریلی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ شیعہ اور سنی اس ملک کے بانی ہیں اوریہ ملک ہمیں امریکہ نے بنا کر نہیں دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی کالونی نہیں ہے۔

شرکائے ریلی میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں جو نعرے لگا رہے ہیں۔ شرکا نے امریکہ مخالف بینرز بھی اٹھا رکھے ہیں۔

خطے میں تناؤ ختم کرکے درپیش مسائل کا پرامن حل نکلنا چاہیے، عمران خان

پولیس حکام نے امریکی قونصلیٹ جانے والے راستوں پر ایک مخصوص مقام پر کنٹینرز لگادیے ہیں اور منتظمین کو خبردار کیا ہے کہ وہ کنٹینرز سے آگے جانے کی کوشش نہ کریں۔


متعلقہ خبریں