خلیل الرحمان قمر کی ماروی سرمد سے بد تمیزی


اسلام آباد: مشہور ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر خواتین کے متعلق اپنے الفاظ کے چناؤ کی وجہ سے ایک بار پھر تنقید کی زد میں ہیں اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹوئٹر پر ان کا نام بھی ٹرینڈ کر رہا ہے۔

پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے  خلیل الرحمان قمر کو سماجی کارکن ماروی سرمد کیلئے نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خلیل الرحمان قمر کا خواتین سے متعلق ایک اور بیان سوشل میڈیا پر وائرل

ماہرہ خان نے کہا کہ ٹی وی پر خاتون کو گالیاں دیتے شخص کو دیکھ  کر شدید افسوس ہوا ہے ، حیران ہوں کہ اس شخص کو کام پر کام مل رہا ہے۔

معروف اینکر اور سیاست دان عامر لیاقت حسین نے بھی تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ خلیل الرحمن قمر کا فرعونی انداز دیکھ کر مولائے کائنات سیدنا علی المرتضی کرم اللہ وجہہ الکریم کا یہ قول مبارک پھر سامنے آگیا
“طاقت، دولت، شہرت اور اختیار (یا اقتدار)
انسان کو بدلتے نہیں
بے نقاب کردیتے ہیں

عفت عمر نے کہا کہ لعنت بھیجتی ہوں اس شخص کے کام پر جب کہ ہدایتکار نبیل قریشی نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ ایسا  شخص نہ صرف ٹی وی کیلئے لکھ رہا ہے بلکہ مقبول بھی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب خلیل الرحمان قمر اور سماجی کارکن ماروی سرمد کے درمیان لائیو ٹی شو میں تلخ کلامی ہوگئی تھی۔ شو میں عورت مارچ کو موضوع بنایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ کو ’دو ٹکے کی عورت‘ کہنے پر خلیل الرحمان قمر تنقید کی زد میں

خلیل الرحمان قمر اپنی باری پر گفتگو کر رہے تھے کہ ماروی سرمد نے ان کی بات کاٹتے ہوئے ’میرا جسم مری مرضی‘  کہا۔

معروف ڈرامہ نگار نے ان کو بات کاٹنے سے منع کیا تاہم ماروی سرمد اینکر کے منع کرنے کے باوجود اپنے الفاظ دہراتی رہیں۔

ہیومین رائٹس  کمیشن آف پاکستان نے خلیل الرحمان قمر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا مصنف ماضی میں بھی طاہرہ عبداللہ سمیت کئی سماجی کارکنوں کو تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں اور اس طرح کا رویہ ناقابل برداشت ہے۔


متعلقہ خبریں