کورونا فنڈ: نامور سرمایہ کار حسین داؤد کا ایک ارب روپے امداد کا اعلان


اسلام آباد: ملک میں پھیلی کرونا وائرس کی وبا کے خلاف جنگ کو موئثر انداز میں لڑنے کیلئے ملک کے نامور سرمایہ کار حسین داؤد نے اپنی فیملی، اینگرواور داؤد ہرکولیس گروپ کی جانب سے ایک ارب روپے کی مالی اور خدمات کی صورت میں امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق اس امداد کے ذریعے کرونا وائرس کے خلاف بیماری کی روک تھام، جانچ اور تشخیص،اس وبا کے خلاف جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی حفاطت، مریضوں کی دیکھ بھال اور ان کی فراہم کی جانے سہولیات کو یقینی بنانے اورمعاشرے کے سب مستحق افراد تک ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانے پرتوجہ دی جائے گی۔

حسین داؤد نے کہا ہے کہ داؤد ہرکولیس اور اینگرو گروپ اس وقت ملک میں پھیلے اس پیچیدہ مسئلے کے حل میں مدد فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس، ورلڈ بینک پاکستان کو 238 ملین ڈالر امداد دے گا، فردوس عاشق اعوان

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ جب ہماری قوم کو ہماری سب سے زیادہ ضرورت ہو تو ہم ایسے وقت میں اپنی قوم کی بہترین خدمت کریں۔یہ ہماری بنیادی اقدار ہیں جن پر عمل کرنے کیلئے ہم بطور ایک ذمہ داری شہری اور ادارہ کوششیں کرتے رہتے ہیں۔

حسین داؤد نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ پاکستانی عوام اپنے عزم میں بہت پختہ ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ وہ صحت سے متعلق پیشہ ورانہ افراد کے مشوروں پر عمل پیرا ہوکر اپنی، اپنے اہل خانہ اور اپنی برادری کی دیکھ بھال کرکے اس بحران کا سامنا کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں حکومت، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، این جی اوز، فلاحی اداروں اور ان گنت افراد کی بے لوث خدمات پر ان کو سلام پیش کرتا ہوں جواپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اس وبائی مرض کے خلا ف جدوجہدمیں مصروفِ عمل ہیں۔


متعلقہ خبریں