قبائلیوں کو پاکستانی تسلیم کرکے آئینی حقوق دیئے جائیں، فاٹاجرگہ

قبائلیوں کو پاکستانی تسلیم کرکے آئینی حقوق دیئے جائیں، فاٹاجرگہ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: چئیرمین سینیٹ سے ملاقات کرنے والے فاٹا جرگہ نے مطالبہ کیا ہے کہ پتھر کے زمانے میں زندگی گزارنے والے قبائلیوں کو پاکستانی تسلیم کرکے تمام آئینی حقوق دیئے جائیں۔

تمام قبائلی ایجنسیوں کے نمائندوں پر مشتمل 30 رکنی فاٹا جرگے نے امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان کی قیادت میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ قبائلی عوام  صحت،تعلیم،انصاف اور ذرائع مواصلات کی تمام سہولیات سے محروم ہیں، قومی وسائل میں حصہ بھی نہیں مل رہا ہے۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے مطالبہ کیا کہ ایف سی آر کے قانون کو ختم کیا جائے، فاٹا کو فوری طور پر خیبرپختونخوا میں ضم کیا جائے۔ لاپتہ افراد کو بازیاب کر کے چیک پوسٹوں کی تعداد میں کمی کی جائے۔ غیر اعلانیہ چھاپوں کا سلسلہ ختم اور قبائیلیوں کے لئے قومی شناختی کارڈ کے اجراء کو آسان بنایا جائے۔

جماعت اسلامی کے رہنما نے بتایا کہ چیئرمین سینیٹ سے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے،دہشت گردی کے خلاف لڑی جانے والی جنگ سے متاثرہ افراد کو مالی امداد اور روزگار دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مشتاق احمد خان کا کہنا تھا کہ سانحہ قندوز اور مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی افسوسناک ہے۔ افغان صوبے قندوز میں حفاظ قرآن پر کی گئی بمباری اور مظلوم کشمیریوں سے روا رکھے جانے والے بہیمانہ سلوک کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

قبائلی جرگے کا کہنا تھا کہ ہم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دنیا پر بھارت کی ریاستی دہشت گردی آشکار ہو چکی ہے۔


متعلقہ خبریں