ایک گھنٹے میں کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ، کٹ تیار



ارجنٹائن میں سائنسدانوں نے نئی کورونا ٹیسٹ کٹ تیار کر لی ہے جس سے صرف ایک گھنٹہ میں ٹیسٹ کا نتیجہ حاصل ہو گا۔

ارجنٹائن کے صدر البرٹاو فرنینڈز نے ٹی وی پر نیو کٹ کوویڈ 19 نامی ریپڈ کٹ متعارف کروائی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ سائنسدانوں کی بنائی گئی سستی ٹیسٹ کٹ صرف ایک گھنٹہ میں نتیجہ دے گی۔

مقامی میڈیا کے مطابق ٹیسٹ کٹ کے نتائج پی سی آر کی طرح ہیں، جس پر سات گھنٹے صرف ہوتے تھے۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ نئی کٹ کی مدد سے ٹیسٹوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ نئی کٹ زیادہ مؤثر اور کم سے کم وقت میں نتائج دیتی ہے۔

اس کٹ کی مدد سے ان لوگوں کا جلدی پتا چلایا جاسکے گا جو وائرس کا شکار ہیں لیکن کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئی۔

صدر نے کہا کہ یہ کسی قوم کی ترقی کے لئے بہت ضروری ہے تاکہ ہم اپنے آپ کو بچاسکیں۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہم دوسروں پر انحصار نہیں کرتے، یہی خودمختاری ہے ، جسے ہر ایک کو سمجھنا چاہئے۔

وزارت صحت کو توقع ہے کہ نئی کٹ کی مدد سے اگلے 10 دن میں پہلے 10،000 ٹیسٹ کیے جائیں گے جبکہ بہت جلد ہفتہ وار ٹیسٹوں کی تعداد 100،000 تک بڑھ جائے گی۔

ارجنٹائن میں کورونا وائرس کے سبب356 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور7,805 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد محکمہ صحت کی جانب کورونا کیسز میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے۔


متعلقہ خبریں