پی ٹی اے کا پب جی گیم پر عارضی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مقبول آن لائن گیم ’ پب جی‘ پرعارضی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ترجمان پی ٹی اے کے مطابق گیم پر مکمل پابندی عائد کرنی ہے یا نہیں اس حوالے سے حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پب جی گیم کیھلنے کی اجازت نہ ملنے پر لاہور میں دو بچوں نے خودکشی کی جس کے بعد ان کے ورثاء کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی جی پولیس نے بھی پی ٹی اے کو پب جی گیم پر بندش لگانے کے لیے خط لکھا تھا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل مشہور آن لائن ویڈیو گیم پب جی کھیلنے سے منع کرنے پر دو خود کشیوں کی وجہ سے لاہور پولیس کی جانب سے گیم پر پابندی لگوانے کے لیے اعلی حکام کو خط  بھی لکھا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق لاہور پولیس کے ترجمان نے بتایا تھا کہ پب جی گیم کھیلنے سے ہونے والی خود کشیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پب جی گیم کے نقصانات جانچنے کے لئے ماہرین کی رائے بھی لی جائے گی جبکہ گیم بند کرانے کے لئے پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو خط لکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پب جی کی وجہ سے خودکشیاں، لاہور پولیس کا پابندی کیلئے اعلی حکام کو خط

ان کا کہنا تھا کہ پب جی گیم ڈیجیٹل نشہ کی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے، پہلے واقعہ کی وجہ یہ گیم تھی، دوسری خود کشی میں بھی ایسے ہی اطلاعات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملےکی ہر پہلو پر تحقیقات جاری ہیں، نوجوان ہماری قوم کا اثاثہ ہیں، ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں