لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بحال



اسلام آباد: لاہور، روالپنڈی اور اسلام آباد میں چلنے والی میٹروبس سروس بحال کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ کی طرف سےمیٹرو بس میں سفر کے لیے ایس او پیز جاری کی گئی ہیں۔

میٹرو بس سروس میں کھڑے ہو کر سفر کرنے پر پابندی ہوگی۔ مسافر سیٹ پر بیٹھ کر سفر کرسکیں گے۔ مسافروں کے لیے دوران سفر ماسک پہنا لازمی ہوگا۔

میٹرو بس سروس بحال کرنے سے پہلے آزمائشی طور پر بسیں چلائی گئی تھیں۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے23 مارچ میٹرو بس سروس بند کر دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عائد پابندیاں ختم

لاہور میں بھی میٹرو بس سروس بحال کر دی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ سروس بحال کرنے سے پہلے میٹرو بسوں کو ڈس انفیکٹ کیا جاچکا ہے۔ لاہور میں میٹرو بس صبح6 سے رات 10بجے تک چلے گی۔

پاکستان میں لاک ڈاؤن اور پابندیاں  ختم ہونے کے بعد میٹرو انتظامیہ نے مزید وقت مانگا تھا تاکہ تیاریاں مکمل کی جا سکیں۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کا پھیلا روکنے کیلئے عائد کی گئی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔

کاروبار، بازاروں ، مارکیٹوں اور شاپنگ مالزپر عائد وقت اور ہفتہ وار چھٹیوں کی پابندیاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔کیفے، ریسٹورنٹس، تھیٹر اور سینما بھی کھول دیئے گئے ہیں اور ہر قسم کی ٹرانسپورٹ بھی بحال ہوگئی ہے۔ پبلک پارکس، بزنس سینٹرز، بیوٹی پارلرز اور جم بھی کھولنے کی اجازت ہے۔

ملک بھر میں لاک ڈاؤن سے پہلے کی صورتحال بحال ہوگئی ہے۔ لاک ڈاؤن ختم ہونے اور پابندیاں ہٹائے جانے کے باوجود وزیراعظم عمران خان نے قوم سے احتیاط کی اپیل کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ کورونا کے مکمل خاتمے تک احتیاط لازمی، جہاں بھی جائیں ماسک ضرور پہنیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم میں کورونا سے بچنے کیلئے احتیاط کرنا ہوگی کیوں کہ پاکستان کو مشکل سے نکالنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔


متعلقہ خبریں